سلمان خان کی نینتارا کے ساتھ نئی فلم کی شوٹنگ کا آغاز

   

ممبئی، 18 اپریل (آئی اے این ایس) بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان اور ساؤتھ کی معروف اداکارہ نینتاراکی نئی فلم، جسے ہدایتکار ومشی پائڈی پلی بنا رہے ہیں، کا باقاعدہ آغاز ممبئی میں ایک روایتی پوجا تقریب کے ساتھ کردیا گیا۔ یہ بڑی بجٹ کی ایکشن انٹرٹینر فلم پروڈیوسر دل راجوکی پروڈکشن کمپنی سری وینکٹیشورا کری ایشنزکے بینر تلے تیارکی جا رہی ہے۔ اس فلم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار سلمان خان اور ومشی پائڈی پلی ایک ساتھ کام کر رہے ہیں، جس نے شائقین میں بے حد جوش و خروش پیدا کردیا ہے۔ فلم کو عارضی طور پر ایس وی سی 63کہا جا رہا ہے۔ اس کا آغاز روایتی مہورت تقریب سے ہوا، جس کے بعد ایک ماہ پر مشتمل بڑے شیڈول کی شوٹنگ بھی شروع کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ممبئی میں ایک وسیع اور خاص طور پر تیارکیے گئے سیٹ پر فلم کی شوٹنگ جاری ہے، جہاں ایکشن سے بھرپور مناظر اور اہم مناظر فلمائے جائیں گے۔ نینتارا بھی جلد اس اہم شیڈول میں شامل ہوں گی۔ ہدایتکار ومشی پائڈی پلی اپنی فلموں میں کرداروں کی گہرائی اور جذباتی پہلوؤں کو نمایاں کرنے کے لیے مشہور ہیں اور اس فلم میں بھی مرکزی کرداروں کو خاص اہمیت دی گئی ہے، جس سے سلمان خان اور نینتاراکی جوڑی مزید پرکشش بن گئی ہے۔ ومشی پائڈی پلی نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اس پروجیکٹ کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سب آج سے شروع ہورہا ہے، جس کے ساتھ ہی اس بڑے منصوبے کی باضابطہ شروعات ہوگئی۔ فلم ساز جلد ہی مکمل کاسٹ اور ٹیکنیکل ٹیم کا اعلان کریں گے۔ یہ فلم ایک ہائی انرجی ایکشن ڈرامہ ہوگی جس میں جذباتی پہلو بھی شامل ہوں گے اور اسے2027 میں شاندار انداز میں سینما گھروں میں ریلیز کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔۔ 31 مارچ کو اس پروجیکٹ کے اعلان کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر اس کا چرچا جاری ہے اور اسے 2027کی بڑی فلموں میں شمارکیا جارہا ہے۔ ہدایتکار ومشی پائڈی پلی اس سے قبل پربھاس، جونیئر این ٹی آر، مہیش بابو، رام چرن، اللو ارجن اور وجے جیسے بڑے ستاروں کے ساتھ کامیاب فلمیں دے چکے ہیں۔ E