سماجوادی پارٹی سے کوئی اتحاد نہیں:چندرشیکھر آزاد

   

اکھلیش یادو کو دلتوں کا ووٹ چاہئے، لیڈر نہیں
لکھنو: آزاد سماج پارٹی کے بانی چندر شیکھر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ اتر پردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں سماجوادی پارٹی کے ساتھ ان کی جماعت کوئی اتحاد نہیں کرے گی۔ انہوں نے لکھنو میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو پر تنقید کی اور کہا کہ انہوں نے بہوجن سماج (دلت) کی بے حرمتی کی ہے۔ چندر شیکھر نے کہا کہ اکھلیش یادو دلتوں کو اتحاد میں شامل نہیں کرنا چاہتے صرف ان کا ووٹ بینک چاہتے ہیں، انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ روز اکھلیش یادو نے ہمیں بہت بے عزت کیا۔ کل بہوجن سماج کی عزت اکھلیش یادو نے پامال کی۔‘‘چندر شیکھر نے مزید کہا کہ اکھلیش یادو سماجی انصاف کا مطلب نہیں سمجھتے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں چاہتا تھا کہ بی جے پی کو دوبارہ اقتدار میں آنے سے روکا جائے اور اس کے لئے ایک عظیم اتحاد تشکیل دیا جائے، لیکن ہمارے حقوق کے سوال پر اکھلیش یادو نے خاموشی اختیار کر لی۔ اب ہم اپنے دم پر انتخاب لڑنے کی کوشش کر یں گے۔ ہماری کوشش تھی کہ بکھری ہوئی اپوزیشن پارٹیاں ایک ہو جائیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے سب سے پہلے مایاوتی سے اتحاد کی کوشش کی تھی۔‘‘قبل ازیں، چندرشیکھر آزاد اکھلیش یادو سے مل چکے تھے جہاں ان میں اتفاق رئے قائم نہیں ہو پایا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران سیٹوں کی تقسیم پر دونوں میں اتفاق قائم نہیں ہو پایا۔ چندر شیکھر اپنے لئے 10 سیٹوں کا مطالبہ کر رہے تھے، جبکہ اکھلیش یادو انہیں صرف 3 سیٹیں دینے کے لئے تیار تھے۔