کانگریس قائد کے پورٹریٹ کو دودھ سے نہلایا گیا
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ملک بھر میں پسماندہ طبقات کو انصاف دلانے کیلئے قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی کی جدوجہد کی ستائش کرتے ہوئے سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج سرسلہ میں راہول گاندھی کے پورٹریٹ کو دودھ سے نہلایا۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کے پاس کانگریس قائدین نے راہول گاندھی کی مساعی کو سراہا اور پورٹریٹ کو دودھ سے نہلایا۔ اس موقع پر کانگریس کے او بی سی اور دیگر طبقات کے قائدین موجود تھے۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ راہول گاندھی نے ملک میں سماجی انصاف کی جدوجہد کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے قومی سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کیا اور تلنگانہ حکومت نے طبقاتی سروے کے ذریعہ راہول گاندھی کے نظریہ کی تکمیل کی ہے ۔ سروے کی بنیاد پر پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا فیصلہ کیا گیا اور اسمبلی میں بل منظور کرتے ہوئے مرکز کو روانہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے دباؤ کے تحت مودی حکومت کو قومی سطح پر طبقاتی مردم شماری کا اعلان کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے پسماندہ طبقات کو مجالس مقامی اور تعلیم اور روزگار میں 42 فیصد تحفظات کا فیصلہ کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ 5 تا 7 اگست راہول گاندھی کی قیادت میں نئی دہلی میں بی سی تحفظات کے حق میں جدوجہد کی جائے گی۔ صدر جمہوریہ سے ملاقات کے علاوہ دہلی میں مہا دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نئی دہلی کے پروگراموں کے انتظامات کر رہے ہیں۔ تمام اضلاع سے کانگریس قائدین مہا دھرنا میں شرکت کریں گے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تمام اضلاع میں راہول گاندھی کے پورٹریٹ کو دودھ سے نہلانے کا منصوبہ ہے ۔1