سماجی علوم کی کتاب میں دلآزار تصویر ۔ پبلشرس کی معذرت خواہی

   

بازار سے تمام کتابوں کو واپس لینے کا بھی فیصلہ
حیدرآباد۔26ستمبر(سیاست نیوز) سماجی مطالعہ کی کتاب میں شائع تصویر اور دہشت گرد کے عکس پر وی جی ایس پبلشرس نے معذرت خواہی کرکے جو کتابیں بازار میں ہیں انہیں واپس لینیاور تصویر کو حذف کرکے دوبارہ شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پبلشرس نے اپنے لیٹر پر غیر مشروط معذرت خواہی کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا اور نہ ہی جان بوجھ کرکسی منفی ایجنڈہ کے تحت یہ تصویر شائع کی گئی ہے۔ وی جی ایس منیجنگ پارٹنر کے اس معذرت خواہی مکتوب میں کہا گیا کہ ان کی کمپنی نے اعتراضات کے ساتھ ہی بازار سے تمام کتب واپس لینے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ ادارہ تصویر کی اشاعت پر معذرت خواہ ہے اور تصویر کو حذف کرکے نئی کتاب کی اشاعت کا فیصلہ کیا گیا ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں نئے تعلیمی نصاب کے مطابق شائع کی گئی آٹھویں جماعت سماجی علوم کی کتاب میں دہشت گرد تحریر کرکے ایک تصویر شائع کی گئی جس میں ایک نقاب پوش کو کندھے پر لانچر اور ایک ہاتھ میں قرآن مجید کا نسخہ تھامے دکھایا گیا ۔ روزنامہ سیاست میں 26 ستمبر اتوار کو صفحہ نمبر 11 پر اس قابل اعتراض تصویر کی اشاعت سے متعلق خبرشائع کی گئی جس پر وی جی ایس پبلشرس کی جانب سے روزنامہ سیاست کو روانہ کئے گئے مکتوب میں ان تمام سے معذرت خواہی کی گئی ہے جن کی اس قابل اعتراض تصویر کی اشاعت سے دل آزاری ہوئی ہے۔