سمندری طوفان گلاب کا خطرہ حیدرآباد سے ٹل گیا، شہریوں کو راحت

   

نشیبی علاقوں اور سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی کیلئے جی ایچ ایم سی کے اقدامات
حیدرآباد۔28 ستمبر(سیاست نیوز) طوفان کا خطرہ حیدرآباسے ٹل جانے کے بعد شہریو ںکو بارش سے راحت حاصل ہوئی ہے ۔ ہفتہ کی شب اور پیر کو دن بھر ہونے والی بارش کے سبب نشیبی علاقوں اور جن علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات ہوتی ہیں ان مقامات پر شہریو ںکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ ڈائریکٹر ای وی ڈی ایم مسٹر وسواجیت کمپاٹی نے اپنے ٹوئیٹر کے ذریعہ شہریوں کو حاصل ہونے والے راحت کے سلسلہ میں کہا کہ طوفان ’’گلاب ‘‘ کے شہر حیدرآباد سے گذر جانے کے بعد شہریان حیدرآبادکو بارش سے راحت حاصل ہوئی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں دو یوم کے دوران بارش کے پانی کی نکاسی اورسڑکوں پر جمع ہونے والے پانی کے اخراج کے اقدامات کے لئے ڈی آر ایف کی کئی ٹیموں کی جانب سے خدمات انجام دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 170 ایمرجنسی ٹیموں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی اور 92 افراد کے عملہ کو نشیبی علاقوں میں تعینات کیا گیا تھا تاکہ پانی جمع ہونے کی شکایات کو حل کرنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر لوکیش کمار کے علاوہ مئیر جی ایچ ایم سی مسز جی وجیہ لکشمی نے عہدیداروں کے ہمراہ ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ بات چیت کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں پہنچائی جانے والی سہولتوں کے متعلق آگہی حاصل کی اور موسیٰ ندی میں پانی چھوڑے جانے کے فیصلہ کا حوالہ دیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں اور ندی سے متصل علاقوں پر خصوصی توجہ دیں اور چوکسی اختیار کریں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گذشتہ شب مہدی پٹنم کے قریب نشیبی علاقہ میں اناپورنا کھانے کی اسکیم کے تحت 200 افراد میں کھانے کی تقسیم کے اقدامات کئے گئے علاوہ ازیں شہر کی بیشترسڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ان کو دور کرتے ہوئے پانی کی نکاسی اور نالوں کی صفائی کا انتظام کیا گیا۔م