سمنٹ کی قیمت میں کمی کرنے کے ٹی آر کی کمپنیوں سے ملاقات

   

Ferty9 Clinic

رئیل اسٹیٹ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے قیمت میں تخفیف سے اتفاق
حیدرآباد ۔11۔ جون (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے آج سمنٹ کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار اور میئر حیدرآباد بی رام موہن کے علاوہ اعلیٰ عہدیدار اس موقع پر موجود تھے ۔ کے ٹی آر نے سمنٹ کمپنیوں سے خواہش کی کہ سمنٹ کی قیمتوں میں کمی کریں کیونکہ کورونا اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کے سبب تعمیری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ دیگر شعبہ جات کی طرح رئیل اسٹیٹ کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے ، لہذا ریاست میں رئیل اسٹیٹ سرگرمیوں کی بحالی کیلئے سمنٹ کی قیمتوں میں کمی ضروری ہے۔ سمنٹ کمپنیوں کے نمائندوں نے حکومت کی تجویز پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ضروری کارروائی کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیاں آپس میں اجلاس منعقدکرتے ہوئے آئندہ ہفتہ تک قیمتوں میں کمی کے بارے میں حکومت کو اطلاع دیں گے۔ 2016 ء میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کیلئے 230 روپئے فی بیاگ فروخت کرنے سے اتفاق کیا گیا تھا ۔ اجلاس میں ڈبل بیڈروم اور حکومت کی دیگر اسکیمات کیلئے 230 روپئے فی تھیلا سمنٹ سربراہ کرنے سے اتفاق کیا گیا۔ حضور نگر اور اطراف کے علاقوں میں سمنٹ کی زیادہ تر کمپنیاں ہیں ، لہذا مقامی نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے حکومت کی جانب سے تربیت دی جائے گی ۔ نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن کے زیر اہتمام نوجوانوں کی ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔