سمیع کے بغیر ہندوستان کو 20 وکٹیں لینا مشکل :پونٹنگ

   

پرتھ ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈرگواسکر سیریز 22 نومبر کو شروع ہونے جا رہی ہے اور اس سیریز سے قبل ہی رکی پونٹنگ نے آسٹریلیا کو سیریزکا فاتح قرار دے دیا ہے۔ رکی پونٹنگ نے یہ بھی پیش قیاسی کی کہ ٹیم انڈیا ٹسٹ میچ میں آسٹریلیا کو ضرور شکست دے گی۔ رکی پونٹنگ نے اس سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ہندوستانی کھلاڑی کا بھی انتخاب کیا جس میں ویراٹ کوہلی کا نام شامل نہیں ہے۔ انہوں نے ویرات کے بجائے رشبھ پنت پر شرط لگائی۔ آسٹریلیا میں رشبھ پنت کا ریکارڈ بھی شاندار ہے۔ آسٹریلیا کی سرزمین پر اس کھلاڑی نے 7 ٹسٹ میں 62.40 کی اوسط سے 624 رنز بنائے ہیں۔ پنت نے آسٹریلیا میں بھی سنچری بنائی ہے۔رکی پونٹنگ نے آئی سی سی سے بات چیت میں کہا کہ محمد سمیع کے زخمی ہونے سے ٹیم انڈیا کو بڑا دھکا لگا ہے۔ ان کے مطابق سمیع کی غیر موجودگی میں ٹیم انڈیا کے لیے آسٹریلیا سے 20 وکٹ لینا بہت مشکل ہوگا۔ پونٹنگ نے مزید کہا اگر ہم سیریز کی بات کریں تو آسٹریلیا یہ سیریز 3-1 سے جیت لے گا۔ یعنی ٹیم انڈیا آسٹریلیا کو ٹسٹ میں شکست دے سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیو اسمتھ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنائیں گے۔ رکی پونٹنگ نے کہا کہ جب رشبھ پنت بیٹنگ کے لیے آئیں گے تو گیند اپنی چمک کھو دے گی اور اتنی سخت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ پنت کی فارم بھی شاندار ہے۔ ایسے میں ایسا لگتا ہے کہ پنت ٹیم انڈیا کے لیے سب سے زیادہ رنز بنا سکتے ہیں۔ رکی پونٹنگ نے کہا کہ ہیزل ووڈ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لے سکتے ہیں۔ وہ کمنز اور اسٹارک سے بہتر بولر ثابت ہوں گے۔