سم کارڈ کے ذریعہ دھوکہ دینے والی ٹولی بے نقاب

   

حیدرآباد ۔ 19 جنوری (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے سم کارڈز کے ذریعہ دھوکہ دینے والی ایک ٹولی کو بے نقاب کردیا اور اس ٹولی کے 6 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ اصل سرغنہ مفرور بتایا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کمشنر آف پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتایا کہ گرفتار افراد میں 5 ہندوستانی اور ایک غیرملکی باشندہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 25 سالہ اڈاف ہنری ساکن کولکتہ متوطن نائجیریا، 52 سالہ سنتوش بنرجی، 31 سالہ انکن سایا، 35 سالہ رجت کندو، 42 سالہ چندن ورما اور 38 سالہ سنجیب داس ساکنان کولکتہ کو گرفتار کرلیا جبکہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ نائجیریائی باشندہ اٹیگو انوینٹ عرف جیمس مفرور بتایا گیا ہے۔ یہ ٹولی فرضی شناختی دستاویزات کے ذریعہ سم کارڈز کو حاصل کرتے ہوئے اس کے ذریعہ آن لائن دھوکہ دیتے ہیں۔ بینک اکاؤنٹ اور آن لائن رقمی لین دین کی تمام تفصیلات کو حاصل کرنے کے بعد فرضی دستاویزات تیار کئے جاتے ہیں اور اس کے ذریعہ سم کارڈ حاصل کرلیا جاتا ہے جس کے بعد یہ دھوکہ باز ٹولی شہریوں کو لوٹ رہے تھے۔ سائبرآباد کمشنر پولیس نے بتایا کہ شہریوں کو ای میل روانہ کرنے کے بعد ان سے تفصیلات حاصل کرلی جاتی ہیں اور سم کارڈز کو حاصل کرنے میں نائجیریائی باشندہ شہری کا اہم رول رہا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے شہریوں کو اجنبی ای میل سے چوکس رہنے اور اس پر اپنا ردعمل ظاہر نہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ اجنبی میل اکثر دھوکہ باز افراد کے ہوتے ہیں جن پر ردعمل ظاہر کرنے اور ان کے بتائے ہوئے مشورہ پر عمل کرنے کے بعد سیل فون اور سم کارڈ تو اپنے پاس رہتا ہے لیکن اپنے علم میں آئے بغیر اپنا سم کارڈ استعمال ہوتا رہتا ہے۔ اس طریقہ کار کو سوئپنگ کہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سائبرآباد پولیس ایسی دھوکہ باز ٹولی پر سخت نظر رکھے ہوئے ہے۔