مہا کمبھ کسی واحد ذات یا مذہب کیلئے محدود نہیں ۔ چیف منسٹر اترپردیش کا ادعا
نئی دہلی : چیف منسٹر اترپردیش آدتیہ ناتھ نے کہا کہ پریاگ راج میں جاری مہا کمبھ کسی واحد ذات یا مذہب کیلئے نہیں ہے یہ تمام مذاق ‘ کلچر اور ذات پات والوں کیلئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پس منظر میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ سناتن دھرم ہی قومی مذہب ہے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ یہی الفاظ پہلے بھی دہرا چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سناتن دھرم ہندوستان کا قومی مذہب ہے ۔ یہ انسانیت کا مذہب ہے ۔ عبادت کرنے کا طریقہ کار الگ ہوسکتا ہے لیکن مذہب ایک ہی ہے اور وہ مذہب سناتن دھرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمبھ میلہ سناتن دھرم کی نمائندگی کرتا ہے ۔ انہوں نے چار سال میں ایک بار ہونے والے کمبھ میلہ کو مہا تہوار قرار دیا اور کہا کہ 14 جنوری کو مکر سنکرانتی کے موقع پر تقریبا چھ کروڑ افراد نے سنگم میں ڈبکی لگائی تھی ۔ سنگم گنگا ‘ جمنا اور سرسوتی کے ملنے کا مقام ہے اور اسے مقدس مانا جاتا ہے ۔ آدتیہ ناتھ نے کہا کہ مہا کمبھ کے ذریعہ اتحاد کا پیام دیا جا رہا ہے ۔ یہاں کوئی بھید بھاؤ یا امتیاز نہیں ہے ۔ لوگ سناتن دھرم پرتنقید کرتے ہیں۔ ہم کہتے ہیں کہ آئیں اور مہا کمبھ دیکھیں۔ اترپردیش میں یہ مہا کمبھ ہو رہا ہے جس کا 13 جنوری سے آغاز ہوا تھا اور یہ 26 فبروری تک جاری رہے گا ۔ جاریہ مہا کمبھ میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ اب تک 10 کروڑ افراد نے تروینی سنگم میں ڈبکی لگائی ہے ۔