نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجیو اروڑہ کے گھر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی ) کے چھاپے کو سیاسی محرک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم صبح سے لے کر شام تک بے قصور لوگوں کو جیل بھیجنے اور انتقامی کارروائی کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ کجریوال نے آج کہا کہ ظاہر ہے کہ یہ بدعنوانی کے خلاف چل رہی تحقیقات نہیں ہے ۔ انہوں نے سندیپ اروڑہ پر چھاپہ مارا ہے یہ کرپشن کے خلاف تحقیقات نہیں ہے ، بلکہ ایسا لگتا ہے جیسے وزیر اعظم نریندر مودی بری طرح کسی پارٹی کے پیچھے پڑ گئے ہیں۔ ان کے پاس جو بھی طاقت ہے انہوں نے وہ تمام ایجنسیاں اور وسائل ایک جماعت اور اس کے رہنماؤں کو ختم کرنے کیلئے استعمال کیے ہیں لیکن ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا اس لیے ہم کسی چیز سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ کجریوال نے کہا کہ اگر وزیر اعظم صبح سے شام تک صرف ای ڈی اور سی بی آئی کا استعمال کرکے مخالفین خلاف انتقامی کارروائی کرتے ہیں، بے گناہوں کو جیل میں ڈالتے ہیں تو پورا ملک جانتا ہے کہ وہ صرف ایک آدمی کیلئے کام کر رہے ہیں۔