حیدرآباد۔27۔جون(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے سنجے جاجو کو نیا چیف سیکریٹری مقرر کیا ہے ۔حکومت اس ضمن میں جی او آر ٹی 913جاری کیا ہے اور ساتھ میں انہیں اسپیشل چیف سیکریٹری برائے انڈسٹریز اینڈ کامرس‘ انفارمیشن ٹکنالوجی‘ الکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشنس کے علاوہ چیف منسٹر کے دفتر میں قائم کئے گئے خصوصی انڈسٹری اینڈ کامرس سیل کے چیف اکزیکٹیو آفیسر برائے SPEED کی زائد ذمہ داریاں بھی حوالہ کرنے کے احکام جاری کئے ہیں۔موجودہ چیف سیکریٹری کے راما کرشنا راؤ جو کہ 30جون کو وظیفہ حسن پر سبکدوش ہورہے ہیں انہیں حکومت نے مشیر برائے چیف منسٹر ومعاون چیف سیکریٹری کی ذمہ داری تفویض کی ہے ۔ 1992 بیاچ سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس عہدیدار جو کہ گذشتہ 12 سال سے مرکزی حکومت کے ساتھ خدمات انجام دے رہے تھے ان کی خدمات تلنگانہ کو واپس کی گئی تھی۔ سنجے جاجو ریاستی اسمبلی کے آئندہ انتخابات کے بعد تک چیف سیکریٹری کے عہدہ پر برقرار رہ سکتے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ سنجے جاجو فروری 2029 کو وظیفہ حسن پر سبکدوش ہونے والے ہیں۔نئے چیف سیکریٹری کے تقرر کے احکام کے ساتھ ریاستی حکومت نے جی او آر ٹی 914 جاری کرتے ہوئے 13 آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلہ اور انہیں نئی اور اضافی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں ان میں مسٹر سبیہ ساچی گھوش‘ محترمہ شیلجہ راما ایئر ‘ جناب احمد ندیم‘ مسٹر این سریدھر ‘ مسٹر راہول بوجا‘ مسٹر ایم رگھونندن راؤ‘ مسٹر بی اجیت ریڈی ‘ جناب محمد مشرف علی‘ مسز پی کٹایایانی دیوی‘ مسٹر کے گنگا دھر‘ مسٹر ٹی وینکنا ‘ مسٹر کے ودیا ساگر ‘ مسز کے چندرکلا شامل ہیں۔ نئے چیف سیکریٹری اور چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاستی حکومت کے انتظامیہ کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں یہ اہم فیصلے کئے ہیں جن میں محکمہ اقلیتی بہبود کی ذمہ داری جناب احمد ندیم کو تفویض کی گئی ہے۔3/A/b