ممبئی۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) تقریباً دو دہوں بعد کرن جوہر نے دونوں اسٹارز کو ایک بار پھر ’’کلنک‘‘ کے ذریعہ قریب کیا ہے۔ ’’منا بھائی‘‘ کے اسٹار سنجے دت نے منگل کو کہا کہ وہ مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ مزید کام کرنا چاہتے ہیں۔ سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ دونوں نے 90 کی دہائی میں ایک ساتھ کئی کامیاب فلمیں دی ہیں جس میں ساجن، کھل نائیک، تھانیدار اور علاقہ شامل ہیں۔ جب رپورٹرس نے ان سے سوال کیا کہ ایک عرصہ بعد مادھوری کے ساتھ کام کرکے وہ کیساتھ محسوس کررہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ بہت ہی خوش ہیں اور مزید کام کرنا چاہتے ہیں، وہ ’’کلنک‘‘ فلم کی شروعات پر بیان دے رہے تھے۔ مادھوری نے کہا کہ کم و بیش 20 سال بعد دوبارہ سنجے کے ساتھ کام کرکے بے حد مسرور ہیں اور حالیہ دونوں میں انیل کپور کے ساتھ بھی کام کرچکی ہیں اور اپنے قدیم ساتھیوں کے ساتھ کام کرنے کو دل چاہتا ہے اور وہ اس پر بے حد خوش ہیں۔ ’’کلنک‘‘ فلم جو 17 اپریل کو ریلیز ہوگی۔ اس میں سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ کے علاوہ ورون دھون ، عالیہ بھٹ، سوناکشی سنہا اور آدتیہ رائے کپور نے بھی کام کیا ہے اور اس فلم کی ہیروئن سری دیوی تجویز کی گئی تھی لیکن ان کے گذر جانے کے بعد یہ رول مادھوری ڈکشٹ کو دیا گیا ہے۔