ای ڈی حراست میں رکن پارلیمنٹ کا بیان‘ادھوٹھاکرے کا شدید ردعمل
نئی دہلی: شیو سینا لیڈر سنجے راوت کوپاترا چال اسکام کے سلسلہ میں ای ڈی نے اتوار کے روز حراست میں لے لیا۔ ای ڈی کی اس کارروائی پر سنجے راوت نے میڈیا سے کہا کہ میرے خلاف جس طرح لوگوں کو پیٹ پیٹ کر فرضی کاغذات بنائے جا رہے ہیں، یہ صرف شیو سینا کو کمزور کرنے کے لے کیا جا رہا ہے، مگر شیو سینا کمزور نہیں ہوگی۔ ’’سنجے راوت جھکے گا نہیں، شیوسینا چھوڑے گا نہیں‘‘۔ سنجے راوت نے ای ڈی کی کارروائی کے حوالہ سے ٹوئٹ بھی کیا۔ جس میں انہوں نے لکھا ’’آپ اس شخص کو کبھی نہیں ہرا سکتے، جو کبھی ہار نہیں مانتا! جھکیں گے نہیں! جے مہاراشٹرا۔‘‘سنجے راوت کو ای ڈی کی جانب سے حراست میں لئے جانے پر شیو سینا کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ مہاراشٹر ادھو ٹھاکرے نے بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا آج صبح سے سنجے راوت کے گھر پر ای ڈی کے مہمان بیٹھے ہوئے ہیں۔ کل گورنر نے مراٹھیوں کے خلاف بیان دیا اور بی جے پی خاموش رہی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مراٹھی افراد کو ختم کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیو سینا کو ختم کرنے کی سازش اس لئے ہو رہی ہے کیونکہ شیوسینا مراٹھی اور ہندووں کی آواز اٹھانے والی جماعت ہے۔قبل ازیں، ای ڈی نے اتوار کی صبح شیو سینا کے لیڈر سنجے راوت کے گھر پر دھاوا کیااور تقریباً 8 گھنٹے تک تلاشی لی۔ ای ڈی عہدیدار نے سنجے راوت سے دفتر چلنے کو کہا لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ اس کے بعد سنجے راوت کو حراست میں لے لیا گیا۔ حراست میں لئے جانے کے بعد سنجے راوت گلے میں زعفرانی رنگ کا مفلر لپیٹ کر نکلے اور اسے حامیوں کی جانب لہرا کر جوش کا مظاہرہ کیا۔اپنے سابق بیان میں ای ڈی دفتر کے باہر سنجے راوت نے صحافیوں سے کہا تھا، مجھے کوئی خوف نہیں ہے کیونکہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی کوئی غلطی نہیں کی۔ اگر یہ سیاسی سازش ہے تو اس کا پتا سب کو چل جائے گا۔ میرا اسکام سے کوئی تعلق نہیں ہے، پاترا چال کہاں ہے مجھے تو یہ تک معلوم نہیں!‘۔