ممبئی ، 5 نومبر (یو این آئی) شیوسینا (ٹھاکرے گروپ) کے ممتاز رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کی طبیعت اچانک ناساز ہونے پر انہیں بھنڈوپ کے فورٹس اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے ۔ گزشتہ چند روز سے طبی مسائل کے سبب وہ عوامی تقاریب اور میڈیا سرگرمیوں میں شرکت نہیں کر رہے تھے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق راوت ڈاکٹرز کی ہدایت پر مکمل آرام کر رہے ہیں اور ان کا علاج اسپتال میں جاری ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ سنجے راوت معمول کے چیک اپ اور ضروری میڈیکل ٹسٹ کروا رہے ہیں۔ ٹسٹ مکمل ہونے کے بعد انہیں آرام کی غرض سے بھنڈوپ کے میتری نواستھان منتقل کیا جائے گا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام اور عوامی سرگرمیوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ گزشتہ دنوں سے راوت کی غیر موجودگی پر سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں جاری تھیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ طبیعت اچانک خراب ہونے پر علاج جاری ہے اور وہ جلد صحت یاب ہو کر عوام کے درمیان لوٹیں گے ۔ انہوں نے کارکنوں اور خیر خواہوں سے غیر ضروری فکر نہ کرنے کی اپیل بھی کی۔