نئی دہلی ۔ پیوش چاؤلہ اور چیتشور پجارا نے بارڈر گواسکر ٹرافی کے تیسرے ٹسٹ کے لیے ٹیم انڈیا میں تبدیلیوں کا مشورہ دیا ہے۔ دونوں نے ہندوستانی ٹیم میں ایک ایک تبدیلی کامشورہ دیا ہے۔ چتیشور پجارا نے جہاں ٹیم انڈیا سے ایک اسپنرکو باہر کرنے پر اصرارکیا، وہیں چاولہ نے اس کے برعکس پلیئنگ الیون میں سے ایک فاسٹ بولرکو باہر کرنے کا مشورہ دیا اور دوسرے فاسٹ بولرکو ٹیم میں شامل کرنے کی بات کہی ہے۔کرکٹر سے کمنٹیٹر بنے چیتیشور پجارا نے روی چندرن اشون کو تیسرے ٹسٹ سے باہرکرنے پر اصرارکیا۔ ان کی جگہ پجارا واشنگٹن سندرکو ٹیم میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ پجارا نے اسٹار اسپورٹس شو فالو دی بیلوز میں کہا کہ سندرکو ان کی بیٹنگکی وجہ سے تیسرے ٹسٹ میں موقع دیا جانا چاہیے۔ یاد رہے سندر نے پرتھ ٹسٹ میں چار وکٹیں اور32 رنز بنائے تھے۔ وہ ایڈیلیڈ ٹسٹ سے باہر ہو ئے تھے۔ ان کی جگہ روی چندرن اشون کو موقع دیا گیا لیکن وہ ایڈیلیڈ میں گیند اوربیٹ دونوں سے ناکام ہوئے۔پیوش کا ماننا ہے کہ ہرشیت کی جگہ آکاش دیپ کو موقع ملنا چاہیے۔پجارا نے ہرشیت رانا کے ٹیم میں باقی رہنے کے بارے میں بھی بات کی۔ ہرشیت نے پہلے ٹسٹ میں4 وکٹ لیے تھے اور دوسرے ٹسٹ میں وہ بری طرح ناکام ہو ئے تھے۔ انہوں نے بولنگ کے16 اوورز میں بغیرکوئی وکٹ لیے86 رنز دیے۔ تاہم پیوش چاولہ نے کہا کہ ہرشیت کی جگہ آکاش دیپ کو تیسرے ٹسٹ میں ٹیم انڈیا میں موقع ملنا چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ آکاش دیپ نے نیوزی لینڈ کے خلاف اچھا کھیل دکھایا اور اب انہیں موقع دیا جانا چاہیے۔ وہیں پیوش نے اشون کے بارے میں کہا کہ انہیں ٹیم میں رہنا چاہیے۔ ٹیم انڈیا نے پانچ میچوں کی بارڈر ۔گواسکر ٹرافی کا پہلا میچ 295 رنز سے جیتا تھا۔ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر جوابی حملہ کیا۔ اب سیریزکا تیسرا میچ 14 دسمبر سے گابا، برسبین میں کھیلا جائے گا۔ہندوستان کیلئے یہاں کامیابی ضروری ہے اور وہ کامیاب ہوکر ہی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں رسائی کے اپنے امکانات کو باقی رکھ سکتا ہے ۔