ممبئی 30 ؍ مئی (یو این آئی): شیوسینا (یو بی ٹی) کے سینئر رہنما سنجے راوت نے وزیراعظم نریندر مودی پر ‘آپریشن سندور’ کے نام پر سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت تنقید کی ہے ۔ جمعہ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راؤت نے کہا کہ یہ آپریشن ہمارے فوجی جوانوں نے انجام دیا تھا لیکن افسوس کی بات ہے کہ وزیراعظم اسے ایک سیاسی ایجنڈا بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کہیں سندور یاترا نکالی جا رہی ہے ، تو کہیں ‘آپریشن بنگال’ کی باتیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس کا سخت جواب دیا ہے ۔ راوت کے مطابق اگر انتخابی یاترا نکالنی ہے تو ضرور نکالیں لیکن فوجی کارروائی کو عوامی جذبات سے جوڑ کر سیاسی مفاد حاصل کرنے کی کوشش نہ کی جائے ۔