سندھوکوانڈونیشیا اوپن میں شکست

   

جکارتہ۔21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پانچویں سیڈ ہندوستان کی پی وی سندھو کا 2019 میں اپنے پہلے خطاب کا خواب انڈونیشیا اوپن بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کے فائنل میں چوتھی سیڈ جاپان کی اکانے یاماگوچی کے خلاف 15-21،16-21 کی شکست کے ساتھ ٹوٹ گیا۔ سندھو کا اس سال کا یہ پہلا فائنل تھا۔ انہوں نے گزشتہ سال کے آخر میں ورلڈ ٹور فائنل میں خطاب جیتا تھا۔اس کے تقریبا آٹھ ماہ بعد ان کا یہ پہلا فائنل تھا لیکن وہ آخری رکاوٹ عبور نہیں کر سکیں۔ سندھو کا عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبرکی کھلاڑی یاماگوچی کے خلاف 10-4کا بہترین ریکارڈ تھا۔ سندھو نے یاماگوچی سے اپنے گزشتہ چار مقابلوں میں مسلسل کامیابی حاصل کی تھی۔ سندھو نے آخری مرتبہ یاماگوچی کو ورلڈ ٹورفائنلس میں شکست دی تھی لیکن یہاں خطابی مقابلے میں انہوں نے51 منٹ میں شکست مان لی۔ ہندوستانی کھلاڑی2019 میں اس سے پہلے انڈیا اوپن اور سنگاپور اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچی تھیں اور یہ ان کا پہلا فائنل تھا۔سندھو اس سال انڈونیشیا ماسٹرس کے کوارٹر فائنل، آل انگلینڈ کے پہلے راؤنڈ، انڈیا اوپن کے سیمی فائنل، ملائیشیا اوپن کے دوسرے راؤنڈ، سنگاپور اوپن کے سیمی فائنل، ایشیائی چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل اور آسٹریلین اوپن کے دوسرے راؤنڈ میں باہر ہوئی تھیں۔یہاں فائنل میں سندھو سے کافی امیدیں تھیں لیکن انہوں نے اپنے مداحوں کو مایوس کردیا۔ اس شکست کے بعد سندھو کا یاماگوچی کے خلاف 10-5کا ریکارڈ ہو گیا ہے ۔ پہلے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان برابری کا مقابلہ ہوا اور سندھو کے پاس 12-14 کی برتری تھی لیکن یاماگوچی نے مسلسل آٹھ نشانات کے ساتھ 14-20 کی برتری بنائی اور15-21 پر پہلا گیم ختم کیا۔ جاپانی کھلاڑی نے دوسرے گیم میں4-4 کی برابری کے بعد برتری بنانے کا سلسلہ جو شروع کیا وہ 16-21 سے گیم اور میچ جیتنے پر ہی تھما۔ یاماگوچی نے دوسرے گیم میں سندھو کو اپنے پاس آنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔اس شکست سے سندھو کا آٹھ ماہ سے اپنے پہلے خطاب کا انتظار اور بڑھ گیا ہے ۔