سندھوکو شکست ، پرنائے فائنل میں داخل

   

کوالالمپور۔ ہندوستانی شٹلر ایچ ایس پرنائے ہفتہ کو ملائیشیا ماسٹرزکے سیمی فائنل میں اپنے حریف کرسچن ایڈیناٹا کے ریٹائر ہرٹ ہونے کے بعد فائنل میں جگہ بنالی ہے لیکن دوسری جانب پی وی سندھو سیمی فائنل میں انڈونیشیا کی گریگوریا تنجنگ سے شکست کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئیں۔ سیمی فائنل میچ میں جب انڈونیشیائی کھلاڑی نے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا تو پرنائے ادینتا پر19-17 کی سبقت بناچکے تھے ۔ ادنیتا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گھٹنے کے بل گرگئے، جس کے بعد انہیں وہیل چیئر پرمیدان سے باہر لے جانا پڑا۔ خطابی مقابلے میں پرنائے کا مقابلہ چینی تائی پے کے لن چویی یا چین کے وانگ ہانگ یانگ سے ہوگا۔ دنیا کی پانچویں نمبرکی تمجنگ نے 44 منٹ تک جاری رہنے والے سیمی فائنل میں عالمی نمبر13 سندھوکو 21-14، 21-17 سے شکست دے دی۔ سندھو نے اس سے پہلے اپنے تمام سات میچوں میں تنجنگ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی لیکن ہندوستانی کھلاڑی سے رینکنگ میں آگے نکل چکی تنجنگ یہاں ماضی کو پیچھے چھوڑکر بہترکھیلتی ہوئی نظر آئیں۔ پہلے گیم میں دونوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دو بارکی اولمپک میڈلسٹ سندھو وقفے پر11-10 سے آگے تھی لیکن تنجنگ وقفے کے بعد تیزی سے آگے بڑھ کر اسکور کو 12-12 پر برابرکردیا۔ سندھو نے 19-13 سے پچھڑنے کے بعد ایک پوائنٹ حاصل کیا لیکن تمنجنگ کو پہلا گیم جیتنے سے نہیں روک سکی۔ دوسرے گیم میں بھی سندھو اور ان کی حریف نے ایک دوسرے کو مساوی طور پر پریشان کیا۔