سندھو سیمی فائنل میں

   

ٹوکیو۔ عالمی چمپئن ہندوستان کی پی وی سندھو نے جاپان کی اکانے یاماگوچی کو جمعہ کے روز راست سٹوں میں 20-22، 13-21 سے شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ اولمپک کے خواتین کے سنگلز زمرے کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا اور وہ اپنا میڈل برقرار رکھنے سے صرف ایک قدم دور ہے۔ پچھلے ریو اولمپکس میں سلور میڈل جیتنے والی چھٹی سیڈ سندھو نے چوتھی سیڈ اکانے سے پہلا گیم باآسانی 13-21 سے جیت لیا اور دوسرے گیم میں 6-12کی مضبوط برتری حاصل کی لیکن جاپانی کھلاڑی نے واپسی کرتے ہوئے 16-16 سے برابری حاصل کی اور پھر 16-18 سے آگے ہوئیں۔ سندھو نے بھی زور لگایا اور 18 -18 سے برابری حاصل کرلی۔ اکانے نے اب دو پوائنٹس لے کر18-20 کی برتری حاصل کی اور میچ میں گیم پوائنٹس تک پہنچ گئیں۔سندھو نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے دو اسمیش لگاکر 20-20 سے برابری حاصل کرلی۔ ہندوستانی کھلاڑی نے پھر سبقت بنائی اور میچ پوائنٹ پر پہنچ گئیں۔سندھو اب مسلسل دوسرے اولمپک میں میڈل جیتنے والی دوسری ہندوستانی کھلاڑی بننے سے صرف ایک کامیابی دور رہ گئی ہیں۔سندھو کے شاندار مظاہروں کے بعد حیدرآبادی کھلاڑی سے اس مرتبہ گولڈ میڈل کی امیدیں اور بھی بڑھ گئی ہیں۔