پاکستان جانے والا پانی اندرون ملک استعمال کیلئے موڑ دیا جائے گا: امیت شاہ
نئی دہلی ۔ 21 جون (ایجنسیز) وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ نئی دہلی حکومت پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ کبھی بھی بحال نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جانے والا پانی اندرون ملک استعمال کے لیے موڑ دیا جائے گا۔ ہندوستانی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہفتہ کے دن ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دہرایا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ کے تحت پاکستان جانے والا پانی بحال نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اصرار کیا کہ اس معاہدہ کی بحالی کبھی بھی ممکن نہیں ہو گی۔ ہندوستان نے 1960 میں طے پائے اس معاہدہ کو اس وقت ’معطل‘ کر دیا تھا، جب جموں و کشمیر کے علاقہ پہلگام میں ہوئے ایک حملے میں 26 شہری مارے گئے تھے۔ حکومت ہند نے اس کارروائی کو دہشت گردی قرار دیا تھا۔ نئی دہلی نے اس حملے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کی جبکہ اسلام آباد حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی رہی ہے۔ اگرچہ پاکستان نے اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی لیکن دونوں ایٹمی پڑوسی ممالک کے درمیان گزشتہ ماہ دہائیوں کے بدترین تصادم کے بعد جنگ بندی کے باوجود یہ معاہدہ اب بھی معطل ہے۔ اس معاہدہ کے تحت پاکستان کو ہندوستان سے نکلنے والے تین دریاؤں سے 80 فیصد زرعی پانی کی ضمانت حاصل تھی۔ امیت شاہ نے کہا کہ ہیں، یہ معاہدہ کبھی بحال نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ پانی جو پاکستان جا رہا تھا، ہم اسے ایک نہر بنا کر راجستھان کی طرف لے جائیں گے۔ پاکستان کو وہ پانی نہیں ملے گا جس کا وہ ناحق فائدہ اٹھا رہا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی کابینہ کے سب سے طاقتور وزیر سمجھے جانے والے سیاستدان امیت شاہ کے اس بیان سے مستقبل قریب میں اس معاہدہ پر مذاکرات کی اسلام آباد کی امیدوں کو شدید دھچکا لگا ہے۔ گزشتہ ماہ روئٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ ہندوستان اس بڑے دریا سے اندرون ملک پانی کی مقدار میں زبردست اضافہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جو پاکستان کے کھیتوں کو سیراب کرتا ہے۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے روئٹرز کی جانب سے تبصرہ کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔ تاہم ماضی میں پاکستان کہہ چکا ہے کہ اس معاہدہ میں یکطرفہ طور پر دستبردار ہونے کی کوئی گنجائش نہیں اور اگر پاکستان جانے والے دریائی پانی کو روکا گیا تو اسے ’’جنگی اقدام‘‘ تصور کیا جائے گا۔ سفارتکاری مشن کے دوران پاکستان کے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے برسلز میں میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اگر ہندوستان اس پانی کو روکتا ہے، تو نیوکلیر جنگ بھی ہو سکتی ہے۔
ہندوستان میں انگریزی بولنے والوں کو شرم آئے گی :امیت شاہ
نئی دہلی۔ 21 جون (ایجنسیز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ہندوستانی زبانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایک اہم بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ہندوستان میں انگریزی بولنے والوں کو شرم آئے گی۔ انہوں نے ہندوستان کی مقامی زبانوں کو ملک کی ثقافت کا زیور قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ زبانیں ہماری شناخت کا اٹوٹ حصہ ہیں اور ان کے بغیر ہم ہندوستانی نہیں کہلا سکتے۔ دہلی میں سابق سرکاری ملازم آئی اے ایس آشوتوش اگنی ہوتری کی لکھی ہوئی کتاب کے اجراء کے موقع پر امیت شاہ نے کہا کہ میری بات غور سے سنیں اور یاد رکھیں، اس ملک میں انگریزی بولنے والوں کو شرم آئے گی، ہم سب کی زندگی میں ایسے معاشرے کی تشکیل اب دور نہیں ہے۔ چیزوں کو وہی کر پاتے ہیں جو کرنے کی ٹھان لیتے ہیں اور میرا ماننا ہے کہ ہمارے ملک کی زبانیں ہمارا زیور ہیں۔ ان کے بغیر ہم ہندوستانی ہی نہیں ہیں۔