حیدرآباد: آل انڈیا بینک ایمپلائز ایسوسی ایشن (اے آئی بی ای اے ) نے منگل کو کہا کہ سنٹرل بینک آف انڈیا میں بڑے پیمانے پر ٹرانسفر کیخلاف پیر سے شروع ہونے والی دو روزہ ملک گیر ہڑتال آل انڈیا بینک کے ملازمین اور کارکنوں کی پرجوش شرکت کیساتھ کامیاب رہی۔ ہڑتال کی کال اے آئی بی ای اے ، آئی این بی ای ایف، بی ای ایف آئی، این سی بی ای اور این او بی ڈبلیو سے منسلک یونائیٹڈ فورم آف سنٹرل بینک یونینز (یو ایف سی بی یو) نے دی تھی۔ اے آئی بی ای اے کے جنرل سکریٹری سی ایچ وینکٹاچلم نے ایک بیان میں کہا کہ تقریباً 10,000 کلرک اور ذیلی عملے نے ہڑتال میں حصہ لیا۔ان کا کہنا تھا کہ ان تبادلوں سے افسران کی یونینز متاثر نہیں ہوئیں، اس لیے وہ ہڑتال میں شامل نہیں ہوئے اور شاخیں کھلی رکھی گئیں۔ کام کرنے والے عملے نے بینک کے کام میں حصہ نہیں لیا۔ وینکٹاچلم نے کہاکہ یو ایف سی بی یو اب میٹنگ کا اہتمام کرے گا اور ہمارے مطالبات پر زور دینے کیلئے مزید پروگراموں کا فیصلہ کرے گا۔ ہم ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے سنٹرل بینک کے اپنے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ دو طرفہ معاہدے کے مطابق بینکوں کے کلریکل اسٹاف کو ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ کیا جا سکتا ہے جب ایک جگہ اضافی اسٹاف ہو اور دوسری جگہ اسٹاف کی کمی ہو۔