سنٹرل فورسیس، مرکز کے اشاروں پر کام کررہی ہے : ممتا بنرجی

,

   

آرام باغ (مغربی بنگال) ۔ 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترنمول کانگریس ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ سنٹرل فورسیس، مرکز کے اشاروں پر کام کررہی ہیں کیونکہ ملڈابہ ڈکشن اور مالور گھاٹ حلقوں میں پولنگ کے دوران فورسیس نے ووٹرس سے کہا کہ وہ صرف زعفرانی پارٹی کو ہی ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل فورسیس کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ ووٹرس سے کہیں کہ بی جے پی امیدوار کو ہی ووٹ دیں۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو بھی شکایت روانہ کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق ملڈابہ دکشن کے انگلش بازار پولنگ بوتھس کے اندر سنٹرل فورسیس بیٹھے ہوئے تھے اور رائے دہندوں سے کہہ رہے تھے کہ صرف بی جے پی کو ہی ووٹ دیں۔ جبکہ سنٹرل فورسیس کا کام صرف مقامی فورسیس کی مدد کرنا ہے اور پھر نکل جانا ہے۔ وہ کون ہوتے ہیں کہ عوام سے کہیں کہ مخصوص پارٹی (بی جے پی ) کو ووٹ دیں اور یہی حرکت 2016ء کے اسمبلی انتخابات میں بھی دہرائی گئی تھیں جس کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ترنمول کانگریس ، اس مرتبہ مغربی بنگال بی جے پی کو سبق سکھائے گی۔ منگل کو تیسرے مرحلے کی رائے دہی کے موقع پر 5 لوک سبھا انتخابی حلقوں کے 92% پولنگ بوتھس پر سنٹرل فورسیس کو تعینات کیا گیا تھا۔