سنٹرل کنٹراکٹ سے محروم عثمان خواجہ ٹیم میں واپسی کیلئے پرعزم

   

میلبورن۔7 مئی(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی ٹسٹ ٹیم کے لئے مرکزی معاہدہ سے باہر کئے گئے بیٹسمین عثمان خواجہ کا خیال ہے کہ وہ ملک کے سرفہرست چھ بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں اور وہ ٹسٹ ٹیم میں واپسی کریں گے۔خواجہ ایشز میں انگلینڈ کے خلاف لیڈز ٹسٹ کے بعد اس فارمیٹ میں نہیں کھیلے ہیں جبکہ ونڈے میں بھی انہیں گزشتہ سال ہوئے ورلڈ کپ کے بعد جگہ نہیں ملی ہے۔حال میں کرکٹ آسٹریلیا نے انہیں مرکزی معاہدہ کے 20 رکنی کھلاڑیوں کی فہرست سے بھی باہرکردیا تھا۔خواجہ کا اگرچہ خیال ہے کہ وہ ٹیم میں واپسی کر سکتے ہیں۔خواجہ نے کہا کہ اگر آپ مظاہرہ کر رہے ہیں تو عمر آپ کے لئے محض ایک نمبر ہے۔یہ ایسا نہیں ہے کہ میں 37 یا 38 کا ہوگیا ہوں تو میرا کیریئر اب ختم ہو جائے گا۔میں غرور کے بغیر کہہ رہا ہوں کہ مجھے لگتا ہے میں اب بھی آسٹریلیا کے سرفہرست چھ بیٹسمنوں میں سے ایک ہوں۔خواجہ کو گھریلو زمین پر اسپن گیند بازوں سے خاصی پریشانی ہوتی ہے۔ حالانکہ انہوں نے 2018 میں دبئی میں پاکستان کے خلاف 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ خواجہ نے کہا کہ دنیا کی کچھ بہترین ٹیم کے خلاف اسپن کے برعکس میں اچھا کھیلا ہوں۔ اگرچہ اسٹیون اسمتھ بہترین ہیں لیکن سب سے ضروری ہے رن بنانا۔آسٹریلیا ہندوستان کو پچھاڑکر ٹسٹ میں نمبر ایک ٹیم بن گئی ہے جس سے ٹیم میں جگہ بنانا کھلاڑیوں کے لئے مشکل ہوگیا ہے۔ ایسے میں خواجہ کا ٹیم میں جگہ بنا پانا مشکل ہے کیونکہ بہت سے کھلاڑی انہیں چیلنج دے سکتے ہیں۔خواجہ نے کہا کہ میں نے ایسا دور کئی بار دیکھا ہے۔میں مختلف کوچز کے ساتھ کھیلا ہوں اور کئی بار ٹیم سے باہر بھی ہوا ہوں، خاص طور اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں میرے ساتھ ایسا کئی بار ہوا ہے۔