سنچورین یونیورسٹی اڈیشہ نے تلنگانہ کے اقلیتی طلبہ کو تعلیم دینے کی پیشکش

   


صدر نشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا
حیدرآباد ۔ 21 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : سنچورین یونیورسٹی کے ریجنل ڈائرکٹر جے ایم راؤ نے آج اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کے ہیڈ آفس حج ہاوز نامپلی پہونچ کر صدر نشین امتیاز اسحاق اور منیجنگ ڈائرکٹر اے ایچ این کانتھی ویسلی کے علاوہ دوسرے عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ سنچورین یونیورسٹی میں پڑھائے جانے والے اسکیل ڈیولپمنٹ کورسیس کی تفصیلات سے واقف کرایا اور بتایا کہ مارکٹ کی قدر اور کورسیس کی تکمیل کے بعد فوری ملازمتیں فراہم ہونے کے کورسیس ڈائزین کرتے ہوئے طلبہ کو تعلیم و تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔ کارپوریشن کی جانب سے اقلیتی طلبہ کو روزگار کی فراہمی کے لیے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دوسرے اضلاع میں مختلف کورسیس کی تربیت فراہم کی جارہی ہے ۔ اگر تلنگانہ کارپوریشن سنچورین یونیورسٹی ۔ بھونیشور اڈیشہ کی خدمات سے استفادہ کرنے کے لیے تیار ہے تو ہم بھی طلبہ کی تعلیم و تربیت کا پیشکش کرتے ہیں ۔ صدر نشین کارپوریشن امتیاز اسحاق نے ریجنل ڈائرکٹر سنچورین یونیورسٹی کی پیشکش پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ بالخصوص کارپوریشن کی جانب سے اقلیتی طلبہ کو روزگار سے مربوط کورسیس کی تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ سنچورین یونیورسٹی کی پیشکش کا ہم جائزہ لیں گے اور طلبہ کو اسکیل ڈیولپمنٹ کورسیس کی تربیت فراہم کرنے سے متعلق ہمدردانہ غور کریں گے ۔ اس سلسلے میں حکومت سے مشاورت کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔ ریجنل ڈائرکٹر جے ایم راؤ نے صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کو سنچورین یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے مزید معلومات حاصل کرنے کی دعوت دی ۔ صدر نشین امتیاز اسحاق نے آئندہ سال جنوری کے پہلے ہفتہ میں یونیورسٹی کا دورہ کرنے کا تیقن دیا ۔۔ ن