سنڈے ‘ٹینک بنڈ پر ٹریفک تحدیدات میں توسیع

   

گاڑیوں کی آمد و رفت سہ پہر 3 بجے سے روک دی جائے گی
حیدرآباد ۔25 ستمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے حسین ساگر جھیل ٹینک بنڈ پر انعقاد ہونے والے ’’سنڈے فن ڈے‘‘ پروگرام پر عوام کے زبردست ردعمل کو دیکھتے ہوئے کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار نے ٹینک بنڈ پر ٹریفک تحدیدات میں توسیع کردی ہے۔ ابھی تک شام 5 بجے تا رات 10 بجے تک ٹریفک پر تحدیدات عائد تھی۔ ٹینک بنڈ پر تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ ہونے کے بعد عوام بڑے پیمانے پر ٹینک بنڈ پہنچ رہے انہیں مزید لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنے کیلئے 26 ستمبر اتوار سے ٹریفک تحدیدات کو سہ پہر 3 بجے تا رات 10 بجے توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ گذشتہ ماہ 29 اگست سے ہر اتوار کو ٹینک بنڈ پر سنڈے فن ڈے پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ گذشتہ اتوار کو گنیش مورتیوں کے وسرجن کے پیش نظر سنڈے فن ڈے پروگرام کا انعقاد نہیں کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ حسین ساگر جھیل پر مختلف تفریحی سہولیات فراہم کی گئی تھیں اور وہاں خوبصورتی میں اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد عوام کو اس سہولت سے استفادہ کا موقع فراہم کرنے کے ٹی آر کی تجویز پر اتوار کو ٹریفک روک دی جا رہی ہے ۔ن