سنکرانتی تہوار تک اندراماں انڈلو اسکیم کی 80 لاکھ درخواستوں کا سروے مکمل ہوگا

   

عہدیداروں کو حکومت کی واضح ہدایات، محبوب آباد اور جگتیال سرفہرست، حیدرآباد میں محض 7 فیصد درخواستوں کا سروے، ہر ضلع میں پراجکٹ ڈائرکٹر کا تقرر
حیدرآباد ۔26۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اندراماں انڈلو اسکیم کے لئے داخل کی گئی درخواستوں کی جانچ اور سروے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ 80.54 لاکھ درخواستوں کی جانچ اور سروے کا کام سنکرانتی سے قبل مکمل کرلیا جائے گا ۔ اندراماں انڈلو اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں حکومت نے بجٹ مختص کیا ہے تاکہ اسکیم میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکیم کے تحت ایسے غریب خاندانوں کو ترجیح دی جائے گی جن کے پاس اراضی موجود نہیں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ درخواست گزاروں میں زیادہ تر ایسے خاندان ہیں جو اپنی اراضی سے محروم ہیں اور کرایہ کے مکانات میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ پرجا پالنا پروگرام کے تحت اندراماں انڈلو کیلئے ریاست بھر میں 80.54 لاکھ درخواستیں داخل کی گئیں۔ محکمہ مال اور ہاؤزنگ کی جانب سے درخواستوں کی جانچ کے تحت درخواست گزاروں کے بارے میں سروے کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 31.58 لاکھ درخواست گزاروں کے سروے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ اندراماں انڈلو ایپ میں داخل کی گئیں تفصیلات کی بنیاد پر سروے کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 31.58 لاکھ درخواست گزاروں میں 9.19 لاکھ خاندانوں کی اپنی اراضی موجود ہے۔ 2.35 لاکھ خاندان پکے مکانات میں زندگی بسر کر رہے ہیں جبکہ باقی درخواست گزار عارضی نوعیت کے مکانات میں مقیم ہیں جو اسبسطاس کی چھت اور مٹی کی دیواروں پر مبنی ہے۔ سروے کے دوران اراضی اور اراضی کے بغیر خاندانوں کو مختلف زمرہ جات میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ اسکیم پر عمل آوری کے وقت ترجیحی بنیادوں پر انتخاب کیا جاسکے۔ حکومت نے سروے میں مکمل شفافیت کی ہدایت دی ہے اور اسکیم کے معاملہ میں درمیانی افراد کے رول کو ختم کرنے کی واضح طور پر ہدایت دی گئی۔ حکومت پہلے مرحلہ میں 4.50 لاکھ مکانات منظور کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ وزیر ہاؤزنگ پی سرینواس ریڈی نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ سنکرانتی تک سروے کا کام مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اندراماں انڈلو اسکیم کے لئے تلنگانہ ہاؤزنگ کارپوریشن کا احیاء عمل میں آرہا ہے ۔ سابق بی آر ایس دور حکومت میں کارپوریشن کے ملازمین کی خدمات دیگر محکمہ جات میں منتقل کی گئی تھی۔ عہدیداروں کے مطابق ریاست بھر میں 39 فیصد سروے کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ سروے میں محبوب آباد ضلع 59 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ جگتیال 58 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ہنمکنڈہ ، بھوپال پلی اور ورنگل میں 30 فیصد سروے کا کام مکمل ہوا ہے ۔ سروے میں گریٹر حیدرآباد کا مظاہرہ انتہائی کمزور رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ صرف 7 فیصد درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے سروے کیا گیا ۔ گریٹر حیدرآباد میں اسکیم کیلئے 10.70 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 74380 درخواستوں کی جانچ مکمل ہوئی ہے ۔ حکومت نے اسکیم پر موثر عمل آوری کے لئے ہر ضلع میں پراجکٹ ڈائرکٹر کا تقرر کیا ہے۔ پہلے مرحلہ میں ہر اسمبلی حلقہ میں 3000 مکانات کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ وزیر ہاؤزنگ سرینواس ریڈی سروے کی عاجلانہ تکمیل کیلئے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کریں گے ۔1