سنکرانتی کے دوران 31 پرندوں کو چینی مانجھے کی زد سے بچایا گیا

   

سرور نگر میں نایاب نسل کا گِدھ بھی مانجھا سے زخمی
حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں سنکرانتی کے دوران پتنگ بازی سے کئی پرندے بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔ پتنگ بازی کیلئے چینی مانجھے کے استعمال کے نتیجہ میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ پتنگ بازی کے دوران مانجھا کی زد میں آنے سے تقریباً 31 پرندوں کو بچایا گیا ہے۔ جنوبی ہند میں نایاب نسل کے گِدھ کو سرور نگر جھیل کے قریب اس وقت بچایا گیا جب وہ چینی مانجھے کی زد میں آکر زخمی ہوگیا اور پھنس چکا تھا۔ جانوروں کے تحفظ سے متعلق سوسائٹی کے والینٹرس نے اس پرندہ کو بچالیا۔ تنظیم نے گذشتہ دو دن میں تقریباً 31 پرندوں کو مانجھے کی زد سے بچالیا جن میں کبوتر اور دیگر پرندے شامل ہیں۔ تنظیم کے نمائندہ پردیپ نائیر نے بتایا کہ سرور نگر میں ایک نایاب نسل کے گِدھ کے پھنس جانے کی اطلاع ملی۔ وہاں پہنچنے کے بعد پتہ چلا کہ انتہائی نایاب نسل کا پرندہ ہے۔ یہ گدھ عام طور پر ہماچل پردیش، اڈیشہ اور مشرقی آسام میں پایا جاتا ہے۔ حیدرآباد میں پہلی مرتبہ اس پرندے کو دیکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پرندے کو معمولی زخم تھے اور اسے علاج کیلئے نہرو زوالوجیکل پارک منتقل کیا گیا۔ پرندوں کے بچاؤ کیلئے عوام رضاکارانہ تنظیم سے فون نمبر 9697887888 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔1