چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کا جائزہ اجلاس، حیدرآباد کی جھیلوں پر مختلف پروگرامس کی منصوبہ بندی
حیدرآباد ۔ 22۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ نے حیدرآباد میں 13 جنوری سے ہونے والے کائیٹ (پتنگ) فیسٹول کی تیاریوں کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا۔ سکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں چیف سکریٹری نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر کائیٹ فیسٹول کا بڑے پیمانہ پر انعقاد عمل میں آئے گا جس کے تحت حیدرآباد کی تہذیب اور ثقافت کو پیش کیا جائے گا۔ سنکرانتی فیسٹول کے ضمن میں کائیٹ فیسٹول منعقد کیا جارہا ہے۔ چیف سکریٹری نے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ فیسٹول کے لئے مختلف ناموں اور لوگو کی تجاویزپیش کریں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی حیڈرا کی جانب سے تحفظ کی گئی جھیلوں کے پاس پتنگ فیسٹول کے انعقاد کے خواہاں ہیں تاکہ عوام کو آبی ذخائر کی اہمیت اور ان کے تحفظ سے واقف کرایا جائے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایچ ایم ڈی اے اور حیڈرا کو ہدایت دی گئی کہ فیسٹول کے کاموں کی نگرانی اور دیگر محکمہ جات سے تال میل کیلئے ایک مخصوص عہدیدار کا تقرر کیا جائے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ ریاستی وزراء جنوری کے پہلے ہفتہ میں جھیلوں اور ذخائر آب کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔ حیڈرا کمشنر اے رنگناتھ نے مختلف جھیلوں اور تالابوںکی ترقی اور انہیں خوبصورت بنانے کے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور عوام کیلئے تفریحی کی فراہمی کیلئے قدم اٹھائے گئے ہیں۔ مینجنگ ڈائرکٹر ٹورازم شریمتی وی کرانتی نے کہا کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے سنکرانتی فیسٹول کے دوران مختلف پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ کائیٹ فیسٹول 13 تا 15 جنوری پریڈ گراؤنڈ پر منعقد ہوگا جس میں قومی اور بین الاقوامی پتنگ باز شرکت کریں گے۔ شہر کے مضافاتی علاقہ میں ہاٹ ایر بیلون فیسٹول کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ حکومت کی جانب سے ڈرون فیسٹول کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ چیف سکریٹری نے فیسٹول کی کامیابی کیلئے تمام محکمہ جات کو بہتر تال میل کی ہدایت دی۔ اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج ، ایچ ایم ڈی اے کمشنر سرفراز احمد ، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، کلکٹر حیدرآباد ہری چندنا ، کلکٹر رنگا ریڈی نارائن ریڈی ، مینجنگ ڈائرکٹر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن مشرف فاروقی اور دوسروں نے شرکت کی۔1
