حیدرآباد۔/2 فروری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے سنگارینی کو بند کردینے کی سازش کرنے کا بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا۔ کویتا نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے بی جے پی پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کوئلہ کی کانوں میں مزدور اپنا پسینہ بہاتے ہوئے جنوبی ہند کو روشن کررہے ہیں ۔ سنگارینی میں ریاست کی حصہ داری 51 فیصد اور مرکز کی حصہ داری 49 فیصد ہے لیکن بی جے پی اپنے اختیارات کا بیجا استعمال کرتے ہوئے ملک کے فیڈرل نظام کی کھلی خلاف ورزی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں سنگارینی ادارہ زبردست پیشرفت کررہا ہے اور ملک کی دیگر کوئلہ کی کانوں کی بہ نسبت بھرپور آمدنی پیش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفع میں چلنے والے ادارہ کو نقصان میں ہونے کا بہانہ کرتے ہوئے 4 کوئلے کے بلاکس کو مرکزی حکومت ہراج کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ سنگارینی کو خانگیانے کے خلاف چیف منسٹر کے سی آر نے مرکز سے کئی نمائندگیاں کی ہیں ۔ن