حیدرآباد۔ سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ نے منوگورو میں 30 میگاواٹ کے سولار پاور پلانٹ کو کامیابی کے ساتھ گرڈ سے مربوط کردیا ہے ۔ سنگارینی کے صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکٹر این سریدھر نے اعلان کیا کہ کمپنی جملہ 300 میگاواٹ سولار پاور پلانٹ کے پروگرام کے پہلے مرحلے میں 129 میگاواٹ صلاحیت کے پلانٹ کو مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ پہلے مرحلے کے نشانے 129 میگاواٹ میں اب تک جملہ 40 میگاواٹ کی تیاری مکمل ہوچکی ہے جو گرڈ کو سپلائی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو ماہ میں راماگنڈم میں50 میگاواٹ کے پلانٹ کو مکمل کرلیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ ایلندو میں 30 میگاواٹ کے پلانٹ کو بھی اسی وقت میں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حالانکہ کچھ مشکلات پیش آ رہی ہیں لیکن منوگورو میں کام کو مقررہ وقت میں مکمل کرلیا گیا ۔
