سنگارینی کالریز کو خانگیانے کی کوششوں کے خلاف 5 جولائی کو سی پی آئی کا بند

   

کشن ریڈی کے بیانات گمراہ کن، سی پی آئی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کا الزام
حیدرآباد۔/26 جون، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر دور حکومت کے فیصلوں کے نتیجہ میں سنگارینی کالریز کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے سنگارینی کالریز کو خانگیانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کانوں کے ہراج کے ذریعہ سنگارینی کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی سمت پیشقدمی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کے بغیر تلنگانہ کا تصور ادھورا ہے۔ کمپنی کے ذریعہ راست اور بالواسطہ طور پر لاکھوں افراد کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد عوام کو امید تھی کہ نئی کانوں میں مقامی نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کے سی آر نے سنگارینی کالریز کے تحفظ سے متعلق اپنے وعدوں سے انحراف کرلیا۔ انہوں نے کمپنی کے تمام حقوق کو مرکزی حکومت کے حوالے کردیئے جس کے نتیجہ میں آج خانگی شعبہ کی شراکت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی غلطیوں کا خمیازہ سنگارینی کے ملازمین کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ سامبا سیوا راؤ نے الزام عائد کیا کہ سنگارینی کالریز کو اڈانی اور امبانی کے حوالے کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور اس سازش کو کے سی آر کی مدد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگارینی کی کانوں کو خانگی کمپنیوں کے حوالے کرنے کا کام شروع ہوچکا ہے۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے سنگارینی کو خانگیانے کی تردید کی لیکن کانوں کو خانگی اداروں کے حوالے کرنا ناقابل فہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشن ریڈی سنگارینی کے بارے میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں حالانکہ مرکزی حکومت نے خانگیانے کی تیاری کرلی ہے۔ سی پی آئی سکریٹری نے سابق میں دی گئی لیز کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت کو اپنی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی سنگارینی کالریز کے تحفظ کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی اور 5 جولائی کو علاقہ میں بند منایا جائے گا۔ سنگارینی کے تحفظ کیلئے 15 دن کی بھوک ہڑتال کی جائے گی اور کلکٹریٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے ریاستی حکومت کو جدوجہد کرنی چاہیئے اور خانگیانے کی کوششوں کو روکا جائے۔ پریس کانفرنس میں سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ اور دیگر قائدین موجود تھے۔1