سنگارینی کالریز کو خانگی شعبہ کے حوالے نہیں کیا جارہا ہے : مرکز

   

حیدرآباد 17 نومبر ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ پرہلاد جوشی نے آج ایک بار پھر دعوی کیا کہ مرکزی حکومت سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی کوشش نہیں کر رہی ہے ۔ بھونگیر پارلیمانی پراواس یوجنا کمیٹی اجلاس میںشرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنگارینی کالریز میں مرکز اور ریاست دونوں کی ملکیت ہے ۔ ریاستی حکومت کا اس کمپنی میں بڑا حصہ ہے اور ریاستی حکومت ہی اس معاملے میں بڑے فیصلے کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی مدد کے بغیر کس طرح سے مرکزی حکومت اس کمپنی کو خانگی شعبہ کے حوالے کرسکتی ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ پر مرکز کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اس کے سیاسی مقاصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے بی جے پی کے خلاف ریاست بھر میں جھوٹا پروپگنڈہ کیا جا رہا ہے ۔