سنگارینی کالریز کو کوئلہ اور دیگر معدنیات کے آکشن میں حصہ لینے کی اجازت

   

کمپنی کے احیاء کیلئے اہم فیصلہ،ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ سنگارینی کالریز کی جانب سے آکشن میں حصہ نہ لینے کے سبب کمپنی کو تقریباً 60 ہزار کروڑ کی آمدنی متاثر ہوئی ہے اور کمپنی کو دو بڑے بلاکس سے محروم ہونا پڑا۔ ورکرس یونین اور سنگارینی بورڈ نے حکومت سے خواہش کی ہے کہ آکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ سنگارینی کالریز کے 40 ہزار ورکرس کی بھلائی اور کمپنی کی برقراری کے لئے حکومت نے مجوزہ آکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ سنگارینی کالریز آنے والے کوئلہ اور دیگر معدنیات کے آکشن میں حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں ورکرس کے مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے ریاست کے معاشی مفادات کے حق میں یہ فیصلہ کیا ہے ۔ کمپنی کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ مرکزی وزارت کوئلہ کی جانب سے ہونے والے کول بلاک کے آکشن میں حصہ لیتے ہوئے نئے بلاکس حاصل کریں۔ بھٹی وکرمارکا نے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں سنگارینی کے علاقہ میں موجود کول بلاکس کو کمپنی کو الاٹ کیا جاتا تھا لیکن سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد مرکزی حکومت نے کول بلاکس کے آکشن کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سنگارینی ستو پلی اور کویا گوڑم میں واقع کول بلاکس خانگی کمپنیوں کے حوالے کئے گئے جس کے نتیجہ میں سنگارینی کالریز کو 60,000 کروڑ کی آمدنی سے محرومی ہوئی اور 15,000 کروڑ کا نقصان ہوا ۔ سنگارینی کے 40,000 مستقل اور 30,000 کنٹراکٹ ورکرس کی خدمات کی برقراری اور کمپنی کے احیاء کے لئے حکومت نے کول بلاکس اور دیگر معدنیات کے آکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کرناٹک میں گولڈ اور کاپر کی کانکنی کے لئے سنگارینی کالریز میں لائسنس حاصل کیا ہے ۔ رائچور اور دیگر علاقوں میں معدنیات کی کانکنی میں سنگارینی کمپنی حصہ لے گی۔ کمپنی کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر ایم بلرام نے بتایا کہ سنگارینی کالریز 100 ملین ٹن کوئلہ کی ہر سال کانکنی کی صلاحیت رکھتی ہے۔ 1