سنگاریڈی واقعہ پر جناب عامر علی خان ایم ایل سی کی سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال سے ملاقات

   

حیدرآباد ۔ 19 فروری (سیاست نیوز) جناب عامر علی خان ایم ایل سی نے چیف منسٹر سیکوریٹی افیشیل آئی ایس ڈبلیو اور سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال سے ملاقات کی اور سنگاریڈی واقعہ سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ جناب عامر علی خان کو بتایا گیا کہ چیف منسٹر کے دفتر سے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ایس پی نے بتایا کہ اس سلسلہ میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لئے پولیس کی جانب سے کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ جناب عامر علی خان نے ٹھوس احتیاطی اقدامات اور اس طرح کے واقعات کے اعادہ کو روکنے کے لئے علماء اور مشائخین کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔ وسیع تر مشاورت کے بعد ایسے واقعات کو روکنے کے لئے کوئی صورت نکالی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی وہ اس سلسلہ میں دوبارہ ملاقات کریں گے۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ سنگا ریڈی ضلع کے اننتارم گرام پنچایت میں 15 سالہ عالیہ بیگم کی اشرار کے حملے میں ہلاک ہوگئی تھی جو اپنے والد محمد اسمعیل کے جھگڑے میں بیچ بچاُؤ کی کوشش کررہی تھی اس دوران ویرا ریڈی اور وجئے ریڈی نے ان پر وزنی پتھروں سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں والد اور لڑکی دونوں زخمی ہوگئے تھے۔بعدازاں دوران علاج عالیہ بیگم جانبر نہ ہوسکیں۔