سنگاریڈی گاندھی اسکول کی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے کامیاب مساعی

   

قدیم طالب علم ایم اے قادر فیصل کی جانب سے 4 لاکھ روپئے پر مشتمل اسٹڈی میٹیرئیل کی تقسیم ، انتظامیہ کی جانب سے اظہار ِتشکر

سنگاریڈی ۔8 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) الحاج محمد عبدالقادر فیصل ریاستی نائب صدر تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس نے ایک مستحسن اقدام کرتے ہوئے طلباء میں زائد از 4 لاکھ روپیہ کا اسٹڈی میٹیرئل مفت تقسیم کیا ہے۔ ایم اے قادر فیصل کی جانب سے گاندھی سینٹینری ہائی اسکول ( انگلش میڈیم) سنگاریڈی میں دسویں جماعت کے طلباء و طالبات میں ودورا ڈجی کا اسٹدی میٹیرئل اور چھٹویں جماعت تا دہم ڈیجیٹل کنٹینٹ مالیت زائد از 4 لاکھ روپیہ مفت تقسیم کیا ہے۔ اسٹیڈی میٹیرئل میں 7 بکس پراکٹس میڈ ایزی اور 6 بکس ٹکسٹ بک میڈ ایزی جملہ 13 بکس کا سیٹ دیا گیا۔ اس موقع پر ایم اے قادر فیصل نے کہا کہ وہ گاندھی سینٹینری ہائی اسکول ( جی سی ایچ ایس) کے قدیم طالب علم ہیں۔ گاندھی سینٹینری ہائی اسکول کا قیام 1969 میں عمل میں آیا اور اس کا افتتاح وزیر تعلیم پی وی نرسمہا راؤ نے کیا تھا۔ اسکول سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات نے اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دیتے ہوے اسکول کا نام روشن کیا۔ گاندھی سینٹینری ہائی اسکول سنگاریڈی کا چیرمین کلکٹر ہوا کرتے تھے اور اسکول میں داخلہ بے حد مشکل تھا۔ اسکول میں پڑھنا باعث فخر تھا لیکن امدادی اسکولس سے حکومتوں کی بے اعتنائی نے اسکول کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا تاہم اسی اسکول کے ایک سپوت ونود ریڈی نے اسکول کی باگ ڈور کو اپنے ہاتھ میں لیا اور اسکول اسٹاف و قدیم طلباء اسکول کے تعاون و مدد کے ذریعہ اسکول کی عظمت رفتہ بحال کرنے کی کامیاب سعی کی ہے۔ اسکول کی ترقی اور معیار تعلیم کو بلند کرنے قدیم طلباء کو مزید کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے اسکول کے طلباء کے ساتھ وقت گذارنا، بات چت کرنا اور انھیں اسٹڈی میٹیرئل فراہم کرکے بے حد مسرت ہوئی ہے۔ انھوں نے طلباء و طالبات سے خواہش کی کہ وہ اسٹڈی میٹیریل سے بھر پور استفادہ حاصل کریں اور امتیازی کامیابی حاصل کرتے ہوے نہ صرف اپنے مستقبل کو روشن کریں بلکہ اسکول کا نام بھی روشن کریں۔ اسٹڈی میٹیرئل فراہم کرنے پر ودورا ڈیجی کے سی ای او آدتیہ اور سیلس ہیڈ سید الیاس علی سے اظہار تشکر کیا۔ ونود ریڈی ایڈوکیٹ سکریٹری و کرسپانڈنٹ اسکول نے کہا کہ اسکول کے قدیم طالب علم قادر فیصل سینئر جرنلسٹ ہیں اور بہت عزت و شہرت کے حامل ہیں۔ انہوں نے اسکول کے طلباء میں مفت میٹیرئل تقسیم کرتے ہوے مستحسن و قابل تقلید اقدام کیا ہے۔ اس کام کے ذریعہ انہوں نے اسکول سے اپنی محبت، لگاو اور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ قادر فیصل نے تعلیمی سال شروع ہوتے ہی مفت اسٹڈی میٹیرئل تقسیم کیا جس کی وجہ سے طلباء کو پڑھنے کیلئے سال بھر کا وقت حاصل ہو رہاہے۔ ونود ریڈی نے کہا کہ اسٹڈی میٹیرئل انتہائی معیاری ہے اور اس کی مارکٹ قیمت تقریبا 9 ہزار روپیہ ہے۔ اس کے علاوہ چھٹویں جماعت تا دسویں جماعت تک ڈیجیٹل کنٹینٹ بھی مفت فراہم کیا ہے جس کے لیے اسکول انتظامیہ اظہار تشکر کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسکول میں سہولتوں کی فراہمی کیلئے قدیم طلباء کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پدما ہید مسٹریس، تیجسونی اکڈیمک انچارج، مسعود امتیاز احمد خان جرنلسٹ، محمد نعیم جیلانی، محمد صدیق نائب صدر الکٹرانک میڈیا، محمد حاجی علی صدر سداسیو پیٹ پریس کلب، محمد رحمت منہاج صدر پریس کلب ظہیرآباد، محمد عارف صدر فوٹوگرافرس اسو سی ایشن و دیگر موجود تھے۔