سنگا ریڈی میں آبی بحران پر جگا ریڈی کا چیف منسٹر کو مکتوب

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد سے پانی کی سربراہی کا مطالبہ ، عوام نقل مقام پر مجبور
حیدرآباد۔9 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی ٹی جئے پرکاش ریڈی (جگا ریڈی) نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سنگا ریڈی میں پانی کے بحران کے حل کیلئے اقدامات کرنے کی درخواست کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے چیف منسٹر کو روانہ کردہ مکتوب کی نقل جاری کی اور کہا کہ سنگا ریڈی کے عوام پانی کی قلت کے سبب شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سنگور اور منجیرا ڈیم میں پانی کی کمی کے نتیجہ میں سنگا ریڈی حلقہ میں عوام کو پینے کے پانی کے لئے دشواری ہورہی ہے، جاریہ سال مانسون کے آغاز کے باوجود بارش کی کمی نے بحران کو شدید کردیا ہے۔ حیدرآباد سے گوداوری کے پانی کی سربراہی کے نتیجہ میں پٹن چیرو اسمبلی حلقہ میں پانی کی قلت نہیں ہے۔ انہوں نے پٹن چیرو کی طرح سنگا ریڈی کو بھی گوداوری سے پانی کی سربراہی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے سنگا ریڈی کو گوداوری کا پانی سربراہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں سنگور اور مانجیرا کے پانی کی منتقلی کو ٹی آر ایس روکنے میں ناکام رہی ۔ انہوں نے کہا کہ پہلی میعاد میں ٹی آر ایس حکومت نے سنگور اور منجیرا کے پانی کو دیگر علاقوں کو منتقل کرتے ہوئے سنگا ریڈی کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ پانی کے بحران کے نتیجہ میں عوام کالونیوں کا تخلیہ کر رہے ہیں کیونکہ زیر زمین پانی کی سطح میں کمی آنے سے سنگور اور منجیرا ڈیمس کرکٹ کے میدان میں تبدیل ہوچکے ہیں ۔ حیرت کی بات ہے کہ عہدیدار اس سلسلہ میں چیف منسٹر کو تاریکی میں رکھے ہوئے ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ عوامی مسائل پر توجہ دہانی کو ٹی آر ایس سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا مقصد حکومت پر تنقید کرنا نہیں بلکہ سنگا ریڈی کے عوام کو راحت پہنچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایم ایل اے ہونے کے ناطے لوگ ان سے سوال کر رہے ہیں۔ سابق میں سنگا ریڈی کے عوام نے کے سی آر کو رکن پارلیمنٹ منتخب کیا تھا۔ سنگا ریڈی عوام کی تائید سے منتخب ہونے والے موجودہ رکن پارلیمنٹ کے پربھا کر ریڈی کی ذمہ داری ہے کہ وہ پانی کے مسئلہ پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پربھاکر ریڈی کو چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے صورتحال سے واقف کرانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھگیرتا کے پانی سے سنگا ریڈی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔ چیف منسٹر سے پانی کا مطالبہ کرنے والے ٹی آر ایس قائدین جوابی حملہ کر رہے ہیں۔ حالانکہ اس مسئلہ کے حل کے لئے ٹی آر ایس قائدین کو بھی آگے آنا چاہئے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیف منسٹر بحران کے حل کے لئے توجہ دیں گے ۔