سنگا ریڈی میں یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ

   

کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی کی پریس کانفرنس، پی جی سنٹر کی بحالی پر کے سی آر سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔16 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے سنگا ریڈی میں یونیورسٹی کی منظوری کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ متحدہ محبوب نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے یونیورسٹی کی سخت ضرورت ہے۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی سہولت کے لئے 150 کروڑ روپئے سے یونیورسٹی قائم کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سنگا ریڈی میں پی جی سنٹر کی برخواستگی کے خلاف احتجاج پر چیف منسٹر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ جگا ریڈی نے طلبہ تنظیموں کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے پی جی سنٹر کی برقراری کی مانگ کی تھی۔ حکومت نے پی جی سنٹر کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جس پر جگا ریڈی نے گورنر اور چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی جی کے بعد پی ایچ ڈی کی تکمیل کے لئے یونیورسٹی ضروری ہے۔ ملازمتوں کے حصول میں اعلیٰ تعلیم کا اہم رول ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری کالج سے متصل 20 ایکر اراضی موجود ہے جس پر یونیورسٹی قائم کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی جی سنٹر کی طرح چیف منسٹر یونیورسٹی کے قیام کے سلسلہ میں مثبت فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کا یہ فیصلہ طلبہ برادری کے لئے مسرت کا باعث ہوگا اور وہ دیگر اضلاع کا رخ کرنے سے بچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر وہ چیف منسٹر کے مثبت اقدامات کی تائید کریں گے ۔