سنیتا کجریوال کی تہاڑ جیل میں کجریوال سے ملاقات

,

   

چیف منسٹر دہلی کو دہلی والوں کی فکر ‘چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان کی آج ملاقات متوقع
نئی دہلی :تہاڑ جیل انتظامیہ سے اجازت ملنے کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی بیوی سنیتاکجریوال نے ان سے ملاقات کی۔ یہ اطلاع پیر کو عام آدمی پارٹی (عآپ) نے دی۔ حالانکہ عآپ نے اتوار کے روز الزام لگایا تھا کہ جیل افسران نے سنگیتا کجریوال کو وزیر اعلیٰ سے ملنے کی اجازت نہیں دی ہے۔ تہاڑ کے افسران نے اس الزام کو خارج کر دیا تھااور آج ان کی ملاقات کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔اس درمیان آج دہلی حکومت میں وزیر آتشی کی بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کے بعد آتشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال جی سے ملتے ہی میں نے ان سے ان کا حال چال پوچھا تو انھوں نے کہا کہ آپ لوگ میری فکر مت کرو، بس دہلی والوں کی فکر کرو اور ان کا خیال رکھو۔ انھوں نے مجھ سے دہلی کی عوام کو ملنے والی تمام سہولیات کا اسٹیٹس جانا اور ہدایت دی کہ گرمیوں میں کسی کو بھی پانی کی قلت نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے دہلی کی ماؤں۔بہنوں سے کہا ہے کہ وہ جلد ہی جیل سے باہر آئیں گے اور انھیں 100 روپے کی اعزازی رقم دیں گے۔قابل ذکر ہے کہ عآپ کے ذریعہ لگاتار ایسے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں کہ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال سے پارٹی لیڈران کو ملنے نہیں دیا جا رہا ہے اور کئی طرح کی رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ حالانکہ آج سنیتا کجریوال اور آتشی کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات ہوئی اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان بھی منگل کے روز ان سے ملاقات کرنے والے ہیں۔