سوائن فلو سے نمٹنے کیلئے کیے گئے اقدامات پر دستاویزی ثبوت داخل کرنے ریاستی حکومت کو ہائی کورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : سوائن فلو پر قابو پانے کے لیے ریاستی حکومت کے اقدامات سے مطمئن نہ ہوتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ اس مسئلہ سے نمٹنے کے لیے کئے جانے والے اقدامات سے متعلق دستاویزی ثبوت داخل کیا جائے ۔ نیز ہائی کورٹ نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سوائن فلو سے نمٹنے میں شامل خانگی ہاسپٹلس کے بارے میں عدالت کو بتائیں ۔ اس عدالت کی ایک ڈیویژن ڈاکٹر ایم کرونا اور ایڈوکیٹ راپولو کی جانب سے داخل کی گئی مفاد عامہ درخواستوں پر یہ حکم دے رہی تھی ۔ عدالت کی قبل ازیں ہدایت کے مطابق چیف سکریٹری نے ایک جوابی حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں سوائن فلو کی علامات اور علاج کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے 15 لاکھ پمفلٹس اور دو لاکھ پوسٹرس تقسیم کئے گئے ۔ اس کے علاوہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا استعمال کیا گیا ۔ ڈائرکٹر آف پبلک ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر نے بھی ایک جوابی حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کہا کہ ڈئیگنوسٹک سنٹرس قائم کرنے کے لیے این سی ڈی سی سے ہنوز اجازت نہیں ملی ہے ۔ سینئیر کونسل ایس نرنجن ریڈی نے کہا کہ جب تک ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرس کو حساس نہیں بنایا جاتا انالائسیس کے لیے درکار نمونہ حاصل کرنے کا معاملہ بھی پیچھے رہ جائے گا ۔ اس بنچ نے عہدیداروں کو ہدایت دی اور اس معاملہ کی آئندہ سماعت 3 جنوری کو مقرر کی ۔۔