محرم کے ناقص انتظامات کی توجہ دہانی پر شیعہ کونسل کے رکن پر حملہ ۔ شیعہ برادری میں بے چینی
حیدرآباد۔/9 جولائی، ( سیاست نیوز) پرانے شہر میں محرم انتظامی اجلاس کے بعد بے چینی پیدا ہوگئی جہاں انتظامات کے متعلق سوال پر ایم ایل سی نے شیعہ کونسل رکن پر حملہ کردیا ۔ اجلاس کے فوری بعد تمام قائدین اور پولیس عہدیداروں کی موجودگی میں رکن قانون ساز کونسل ریاض الحسن آفندی نے ہدایت نواب پر حملہ کردیا اور اس حملہ کے بعد شیعہ برادری میں بے چینی پیدا ہوگئی۔ محرم انتظامات کے سلسلہ میں گذشتہ چند دنوں سے ایم ایل سی تنقیدوں کا شکارہیں اور انہیں سوشیل میڈیا اور مختلف ذرائع سے مختلف قائدین کی تنقیدوں کا سامنا ہے۔ ماہ محرم کے ان ایام میں ناقص انتظامات سے شیعہ برادری میں بے چینی پائی جاتی ہے جبکہ ایم ایل سی پر ترقیاتی کاموں اور محرم کے انتظامات پر بلند بانگ دعوے کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے۔ محرم انتظامات کے متعلق اور بارگاہ حضرت عباس کے قریب ناقص انتظامات پر بے چینی کا تذکرہ کیا جارہا ہے۔ ان تمام تنقیدوں کو بے بنیاد قرار دینے والے ایم ایل سی نے آج اجلاس کے بعد اپنا آپا کھودیا اور سوال کرنے پر ہدایت نواب پر حملہ کردیا۔ اس حملہ پر شدید برہم ہدایت نواب نے پولیس میں شکایت درج کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ گذشتہ چند دنوں سے جاری تنقیدوں کے سبب رکن قانون ساز کونسل ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئے ہیں اور آج اجلاس اور مابعد اجلاس ان کے رویہ سے ان کا ذہنی تناؤ ظاہر ہوگیا جو ہدایت نواب پر برس پڑے۔ پولیس کی بھاری جمعیت کی موجودگی میں شیعہ کونسل کے رکن پر حملہ کردیا۔ اس حملہ کی اطلاع کے بعد پرانے شہر کے سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں میں سنسنی پھیل گئی اور شیعہ برادری کے حلقوں میں اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا جانے لگا۔ع