سورت آتشزدگی واقعہ : مالک اور ٹھیکداروں کی گرفتاری

,

   

سورت (گجرات)۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے سورت کے ایک تعلیمی مرکز کے مالک کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس تعلیمی مرکز میں گزشتہ جمعہ کو مہیب آگ بھڑک اٹھی تھی جس میں 20 افراد مارے گئے جن میں کم عمر طلباء کی تعداد زیادہ تھی۔ سردھانا علاقہ کے تجارتی عمارت ٹک شیلا کامپلیکس کے دو ٹھیکداروں نے راہ فرار اختیار کی۔ یہ بات سورت پولیس کمشنر ستیش شرما نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے تعزیرات ہند کی کئی دفعات کے تحت 3 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی جن میں دو بلڈر اور ایک مالک شامل ہیں۔ کوچنگ کلاسیس کے مالک کی شناخت بھاروگوا بھوکانی کی حیثیت سے کی گئی اور بلڈرس کے نام ہرشل دیکیریا اور جگنیش پالیوالی بتائے گئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے اس سانحہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

سورت آتشزدگی حادثہ
امیتابھ ، جاوید اختر اور دیگر کا اظہار غم
ممبئی۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کی نامور شخصیتیں بشمول امیتابھ بچن اور مشہور قلم کار جاوید اختر نے 20 طلباء کی آتشزدگی کے حادثہ میں موت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ یہ واقعہ سورت کے ایک کمرشیل کامپلیکس میں پیش آیا تھا۔ بیشتر مہلوکین میں کمسن طلباء شامل ہیں جن کی یا تو دم گھٹنے یا پھر کھڑکیوں سے کود جانے کے سبب موت ہوئی ہے۔ ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بعض نوجوان طلباء کو دھواں اور آگ کے دوران تیسری اور چوتھی منزل سے نیچے کودتے ہوئے دیکھے گئے۔ اپنے ٹوٹ میں امیتابھ نے اس سانحہ کو ناقابل بیان قرار دیا ۔ جاوید اختر نے اس حادثہ کو ایک بڑے سانحہ سے تعبیر کیا اور کہا کہ ملک کے طول و عرض میں آگ پر قابو پانے کے اقدامات اور تحفظ آتشزدگی اقدامات پر عمل کیا جانا چاہئے۔