۔86 فیصد ہندوستانیوں کو مابعد مستقبل کی فکر ،جاریہ لاک ڈاؤن کی بھی تائید
احمدآباد (گجرات)۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت گجرات نے شہر سورت کے پانچ گنجان آبادی والے علاقوں میں جمعرات کی نصف شب سے ایک ہفتہ طویل کرفیو لاگو کردیا ہے۔ دفتر چیف منسٹر کے سکریٹری اشونی کمار نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی اور بعض بیرون ریاست کے لوگوں کا بھیڑ کی شکل میں اکٹھا ہوجانا کورونا وائرس کے جاریہ بحران میں خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ اس لئے یہ اقدام ضروری ہوگیا۔ گزشتہ 12 گھنٹوں میں سورت میں وائرس کے 35 کیس سامنے آئے ہیں۔ اس ضلع میں ابھی تک کووڈ۔ 19 کے 86 مریض ہوچکے ہیں۔ کرفیو 22 اپریل کو صبح 6 بجے تک نافذالعمل رہے گا۔ دریں اثناء ایک سروے میں پایا گیا کہ بڑی بھاری تعداد میں عوام نے جاریہ لاک ڈاؤن کی حمایت کی، لیکن اس بھی زیادہ تعداد نے لوگوں کو اپنے مستقبل کی فکر لاحق ہوگئی ہے۔ ملک میں لاک ڈاؤن کا دوسرا مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔ پہلے مرحلے کے دوران ممبئی کے ایک ادارہ نے اوپینین پول منعقد کیا جس میں 82 فیصد شرکاء نے عالمی وباء کو کنٹرول کرنے کیلئے مرکزی حکومت کے اقدامات کی حمایت کی، تاہم انٹرنیشنل سروے میں یہ بھی نتیجہ برآمد ہوا کہ 86 فیصد لوگوں کو روزگار اور معاشی صورتحال کے بارے میں شدید فکرمندی ہے۔