سوشل میڈیا پر کوہلی انڈیا اور ایشیا میں نمبر ون !

   

نئی دہلی: ویراٹ کوہلی نے ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کردی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیاٹر کے دنیا بھر میں کروڑوں فالوورس ہیں۔ کوہلی انسٹاگرام پر 250 ملین فالوورس حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ کوہلی صرف ہندوستان میں ہی نہیں، بلکہ پورے ایشیا میں سب سے زیادہ فالو کئے جانے والے سلیبریٹی ہیں۔ وہ دنیا میں تیسرے سب سے زیادہ فالو کئے جانے والے اتھلیٹ ہیں۔ کوہلی پوری دنیا میں کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے بعد انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورس کے حامل اتھلیٹس میں تیسرے مقام پر ہیں۔ رونالڈو کے 585 ملین انسٹاگرام فالوورس ہیں۔ میسی کے 464 ملین انسٹاگرام فالوورس ہیں۔ کوہلی بھلے ہی ایک مرتبہ پھر سے اپنی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلورو کو آئی پی ایل چمپئن بنانے میں ناکام رہے ہوں، لیکن آئی پی ایل 2023 کا فائنل ہونے سے پہلے انہوں نے تاریخ رقم کردی ہے۔ آئی پی ایل سے اپنی ٹیم آرسی بی کے باہر ہونے کے بعد کوہلی اپنی شریک حیات اور بالی ووڈ اسٹار انوشکا شرما کے ساتھ لندن پہنچ گئے ہیں۔ انگلینڈ میں ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کا فائنل کھیلنا ہے۔ یہ میچ لندن کے دی اوول میں میں 7 سے 11 جون تک کھیلا جانا ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلورو کے اسٹار کوہلی اپنی بہترین فارم میں ہیں۔ کوہلی نے آئی پی ایل 2023 کے دوران دو لگاتار سنچریاں اور چھ نصف سنچریاں بنائیں۔ اس سیزن میں ویراٹ کا اعظم ترین انفرادی اسکور 101 رنز رہا۔