سوشل میڈیا پوسٹ پر تریپورہ کے وزیر کی برطرفی کا مطالبہ

   

اگرتلہ: تریپورہ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف (ایل او پی) جتیندر چودھری نے گورنر اندرا سینا ریڈی نالو کو خط لکھ کر سوشل میڈیا پر اپنی مبینہ فرقہ وارانہ پوسٹ کے لیے درج فہرست ذات کی بہبود، ماہی پروری اور جانوروں کے وسائل کی ترقی کے وزیر سدھانشو داس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ داس کی پوسٹ سے فرقہ وارانہ فساد کو ہوا مل سکتی ہے اور امن وامان بگڑ سکتا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر کے آفیشل فیس بک پیج پر پوسٹ کیے گئے بیانات سے نہ صرف قومی اور علاقائی سیاسی جماعتوں کو بدنام کیا گیا بلکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بھی براہ راست خطرہ لاحق ہے ۔ چودھری نے کہا کہ اس طرح کی بیان بازی سے ، خاص طور پر سینئر وزیر کے بیانات سے ، ہندوستانی آئین میں درج سیکولر اصول مجروح ہوتے ہیں۔ وزیر سدھانشو داس کے ذریعہ شیئر کردہ پوسٹ میں کانگریس، سماج وادی پارٹی اور بائیں بازو جیسی اپوزیشن جماعتوں کا مغل شہنشاہ اورنگ زیب کی جابرانہ حکومت سے موازنہ کیا گیا ہے۔