سوشیل سکیوریٹی پنشن کی رقم دوگنی کردی گئی

   

تلنگانہ بھر میں اضافی رقم کی تقسیم کا آغاز ۔ وزرا و ارکان اسمبلی کی شرکت
حیدرآباد 20 جولائی ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ نے آج آسرا پنشن اسکیم کی اضافی رقم کی اجرائی کے عمل کا آغاز کردیا ہے ۔ سماج کے مختلف طبقات جیسے معمرین ‘ بیواوں ‘ معذورین اور بیڑی ورکرس کیلئے حکومت کی جانب سے پہلے ہی سماجی سکیوریٹی کے نام پر وظائف تقسیم کئے جاتے تھے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہ ٹی آر ایس کے دوبارہ اقتدار پر ان وظائف کی رقم کو دوگنی کردیا جائیگا ۔ آج اس سلسلہ میں عمل آوری کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ ریاستی وزرا ‘ ارکان اسمبلی اور دوسروں نے تلنگانہ میں مختلف مقامات پر اضافہ شدہ وظائف کی تقسیم سے متعلق تقاریب میں شرکت کی ۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر و رکن اسمبلی کے ٹی راما راو نے سرسلہ میں اس سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو ضعیف افراد کے بڑے بیٹے اور مجبور افراد کے بڑے بھائی کی طرح ہیں۔ حکومت تلنگانہ ملک بھر میں وہ واحد حکومت ہے جو اس سلسلہ میں 12,000 کروڑ روپئے خرچ کر رہی ہے ۔ حکومت نے 17 جولائی کو فیصلہ کیا تھا کہ سوشیل سکیوریٹی پنشن کی رقم کو دوگنا کردیا جائے ۔ اس فیصلے سے حکومت پر سالانہ مزید 12 ہزار کروڑ روپئے کا بوجھ عائد ہوگا ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ معمر شہریوں ‘ بیواوں ‘ مطلقہ خواتین ‘ ایڈز کے متاثرین اور دوسروں کے وظائف دوگنے کردئے گئے ہیں۔