سوشیل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کی خبروں پر الیکشن کمیشن کی خصوصی نظر

,

   

لوک سبھا نشستوں کیلئے تیسرے دن 42 پرچہ نامزدگیوں کا ادخال : رجت کمار

حیدرآباد۔20مارچ(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں لوک سبھا نشستوں کیلئے پرچۂ نامزدگیوں کے ادخال کے تیسرے دن آج 42پرچۂ نامزدگی داخل کئے گئے ۔چیف الکٹورل آفیسرتلنگانہ مسٹر رجت کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ انہو ںنے میٹرو ریل کے افتتاح کے سلسلہ میں کانگریس کی جانب سے کئے گئے مطالبہ کے متعلق کہا کہ میٹرو کے افتتاح سے سیاسی فائدہ حاصل کرنے سے اجتناب کا مشورہ دیا گیا ہے ۔مسٹر رجت کمار نے وشواہندو پریشد کی جانب سے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے خلاف کی گئی شکایت کے سلسلہ میں بتایا کہ وی ایچ پی کی شکایت کو الیکشن کمیشن آف انڈیا روانہ کردیا گیا ہے لیکن تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک جملہ 11کروڑ 2 لاکھ 95ہزار روپئے مالیاتی اشیاء و نقد رقومات ضبط کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضبط شدہ اشیاء میں نقد رقومات ‘ نارکوٹکس ‘ شراب اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔ چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ نے بتایا کہ آج مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ہمراہ اجلاس منعقد کیا گیا اور اس اجلاس کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق ‘ فہرست رائے دہندگان اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ الیکشن کمیشن کی ہدایات سے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو واقف کروایا گیا۔ مسٹر رجت کمار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ کی جانب سے چلائی جانے والی خبروں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے ۔انہو ںنے واضح کیا کہ سوشل میڈیا گروپس ‘ ویب سائٹس ‘ ویب چیانلس پر چلائی جانے والے انتخابی مواد کو جو کہ سیاسی جماعتوں کی تشہیر کے مترادف ہو اس مواد کو چلانے سے قبل منظوری حاصل کرنا لازمی ہے ۔انہو ںنے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ قوانین کے مطابق امیدواروں کو اپنے پرچہ نامزدگی کے ساتھ جو تصاویر جمع کروائے ہیں

ان کے لئے کمیشن نے جو تصریحات رکھی ہیں ان کے مطابق ہونی چاہئے اگر ان تصریحات کے خلاف ورزی کرتے ہوئے بھی تصاویر جمع کروائی جاتی ہیں تو ایسی صورت میں پرچہ نامزدگی کو مسترد کئے جانے کی گنجائش موجود ہے۔ مسٹر رجت کمار نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی خبروں کے متعلق تاحال 53 شکایات موصول ہوچکی ہیں جو کہ میڈیاسرٹیفیکیشن مانیٹرنگ کمیٹی کے حوالہ کی جاچکی ہیں اور ان پر کاروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں عام انتخابات کے سلسلہ میں پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کے عمل کے دوران اب تک کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔انہو ںنے مزید کہا کہ ریاست میں انتخابی عمل کی نگرانی کیلئے 145 کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور اس کے علاوہ سابقہ فوجیوں کی خدمات کے حصول پر بھی مشورہ کیا جا رہاہے۔ انہو ںنے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایات کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے C-Vigil ایپلیکیشن کو متحرک کردیا گیا ہے اور تاحال اس ایپ کے ذریعہ 328 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں 3شکایات زیر التواء ہیں اور مابقی شکایات پر کاروائی کی جا چکی ہے۔مسٹر رجت کمار نے کہا کہ سیاسی جماعتو ںاور امیدواروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ انتخابی تشہیر کے لئے پلاسٹک کے استعمال سے گریز کریں اور ماحولیات کو نقصان پہنچانے والے اشیاء کے استعمال سے اجتناب کرتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ میں اپنا کردار اداکریں۔