حیدرآباد۔/15نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ڈپٹی کمشنر پولیس سائبر کرائم سے شکایت کی ہے کہ بعض بی جے پی قائدین نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور کانگریس پارٹی کے بارے میں گمراہ کن مواد سوشیل میڈیا میں وائرل کرتے ہوئے عوام کو الجھن میں مبتلاء کرنے کی کوشش کی ہے۔ کانگریس پارٹی کو بدنام کرنے اور فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے مقصد سے یہ اقدام کیا گیا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ انتخابی مہم میں کانگریس کیڈر مصروف ہے اسی دوران سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر نامعلوم افراد کی جانب سے نفرت انگیز مواد کانگریس پارٹی کے حوالے سے وائرل کیا جارہا ہے۔ بی جے پی اور بی آر ایس کو فائدہ پہنچانے کے مقصد سے یہ مہم چلائی جارہی ہے۔ شکایت میں کہاگیا کہ شکست کے خوف سے بی جے پی اور بی آر ایس نے سماج میں نفرت پیدا کرنے اور مذہبی بنیادوں پر ووٹ حاصل کرنے کی سازش رچی ہے۔ سوشیل میڈیا میں وائرل مواد پولیس کو پیش کرتے ہوئے فوری کارروائی کی درخواست کی گئی۔