سوشیل میڈیا پر انتخابی تشہیر ، عہدیداروں کی خصوصی نظر

   

حیدرآباد۔سوشل میڈیا پرانتخابی تشہیر اور اپنے امیدواروں اور پارٹی کی جانب سے کی جانے والی تشہیر پر انتخابی عہدیداروں کی جانب سے خصوصی نظر رکھی جائے گی کیونکہ بیشتر سیاسی جماعتوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کا استعمال کرتے ہوئے انتخابی مہم کا عملی طور پر آغاز کردیا ہے اور سیاسی جماعتوںکی جانب سے ٹوئیٹر پر ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنی پارٹی کے امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم چلائی جانے لگی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات میں سوشل میڈیا پرکی جانے والی تشہیر کو کافی زیادہ اہمیت حاصل ہونے لگی ہے کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے آن لائن انتخابی تشہیر کے نظریہ کو جو فروغ دیا ہے اس کو تمام دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی اختیارکیا جانے لگا ہے اورکہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران آن لائن کی جانے والی انتخابی تشہیر پر گہری نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس فیصلہ کے تحت تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے سوشل میڈیا پر کی جانے والی تشہیر کا جائزہ لینے اور اس پر نظر رکھنے کی ذمہ داری مائیکرو آبزرور کے حوالہ کرنے پر غور کیاجا رہاہے۔ٹوئیٹر پر جو ہیش ٹیگ چلائے جا رہے ہیں ان میں
#GHMCwithTRS
کے ساتھ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے ایک اور
#GHMCwithCAR
چلایا جارہاہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے
#GHMCwithlotus
کے علاوہ مزید دو ہیش ٹیگ
#BJPwinGHMC
اور
#GHMCwithBJP
چلایا جارہاہے اسی طرح کانگریس کی جانب سے بھی سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے ٹوئیٹر ہیش ٹیگ
#GHMCwithCongress
کے علاوہ
#GHMCwithHandچلایا جانے لگا ہے اور تینوں سیاسی جماعتوں کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی ہیش ٹیگ شروع کئے گئے ہیں لیکن فی الحال بھارتیہ جنتا پارٹی اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ہیش ٹیگ کے رجحان ٹوئیٹر پر واضح نظر آرہے ہیں جبکہ دیگر سیاسی جماعتو ںکے ہیش ٹیگ کے رجحان نظر نہیں آرہے ہیں۔سیاسی جماعتوں کے آئی ٹی سیل نے پارٹی کارکنوں کو تربیت کی فراہمی کے علاوہ امیدوارو ںکی جانب سے بھی سوشیل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے عوام تک رسائی حاصل کرنے اور ان سے راست رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔