سوشیل میڈیا پر مقبولیت کا جنون، موٹر سائیکل پر کرتب بازی و بوس کنار

   

ویڈیو وائرل ہونے پر عوام سے مذمت، گرفتار جوڑے نے کان پکڑ کر معافی مانگی

حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) سوشیل میڈیا پر مقبولیت کے جنون نے نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کردیا ہے۔ نوجوان نسل مقبولیت کی خاطر کسی بھی حد تک جاسکتی ہے اور ایسا ان دنوں پیش آئے واقعات سے ثابت ہوچکا ہے کہ غیر اخلاقی حرکتیں اور اخلاقی و سماجی ذمہ داری اب مقبولیت کے آگے کوئی معنی نہیں رکھتی۔ بنگلورو کے بعد اب راجستھان میں اس طرح کا ایک واقعہ پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر ایک نوجوان جوڑے کی حرکتیں اب سوشیل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہیں۔ قومی شاہراہ 52 راجستھان کے ضلع کوٹہ میں پیش آئے اس واقعہ نے سماج کو پھر ایک بار شرمسار کردیا ہے۔ سماج کے ہر ذمہ دار شہری کی جانب سے ان حرکتوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے۔ موٹر سائیکل پر سوار عاشق جوڑے کی ناقابل بیان حرکتیں اور موٹر سائیکل پر کرتب بازی اور اسٹنٹ کی ویڈیو ریکارڈنگ منظر عام پر آچکی ہے، اور سماج کے ہر گوشہ سے اس کی مذمت کی جارہی ہے۔ جس سوشیل میڈیا پر مقبولیت کیلئے اس جوڑے نے غیر اخلاقی حرکتوں والی کرتب بازی کی ہے جبکہ راہگیر اس کا نظارہ کررہے تھے وہیں سوشیل میڈیا کے ذریعہ ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ راجستھان کے ضلع کوٹہ کی پولیس نے اس نوجوان جوڑے کا پتہ چلایا اور پھر انہیں حراست میں لے لیا اور ان کا ایک معافی نامہ ریکارڈ کرتے ہوئے سوشیل میڈیا پر وائرل کردیا۔ کرتب بازی میں ایک دوسرے کا بوسہ لینے والے اس جوڑے کو پولیس کے سامنے کان پکڑ کر معافی مانگتے دکھایا گیا اور پولیس نے ایسے عاشق جوڑوں کو باور کیا ہے کہ وہ ایسی حرکتوں سے باز آئیں۔ع