حیدرآباد ۔12 فبروری ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) سائبرکرائم پولیس نے ضلع جنگاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے بھاسکر کو گرفتار کرلیا جو سوشل میڈیا کے ذریعہ لڑکیوں کو بلیک میل کیا کرتا تھا ۔ پولیس کے بموجب 2ستمبر 2019ء کو ایک لڑکی نے سائبر کرائم سے ایک شکایت درج کروائی تھی جس میں کہا تھا کہ ایک نامعلوم موبائیل نمبر سے اُسے مسلسل فون کال موصول ہورہے ہیں ۔ شکایت میں کہا گیا کہ واٹس ایپ پر اُس شخص نے قابل اعتراض تصاویر اور فحش مسیجس بھی روانہ کئے تھے اور اس کی اس حرکت سے لڑکی کو ذہنیت اذیت پہنچی ۔ پولیس نے موبائیل نمبر کے ذریعہ تکنیکی تحقیقات کا آغاز کیا اور بھاسکر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے مزید بتایا کہ بھاسکر نے سابق میں کئی غیر سرکاری تنظیموں میںکام کرچکا ہے اور اس نوکری کی آڑ میں کئی لڑکیوں کی تصاویر اور ان کے موبائیل نمبرات حاصل کئے تھے ۔ نوکری ترک کرنے کے بعد اُس نے لڑکیوں کے موبائیل نمبرات پر ان کی تصاویر سے چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے قابل اعتراض فلم اور فحش تصاویر تیار کرتے ہوئے انہیں واٹس ایپ کے ذریعہ بھیجا کرتا تھا اور انہیں بلیک میل کرتے ہوئے ان کا جنسی استحصال کرنے کی کوشش کی ۔ سابق میں بھی بھاسکر کو اسی قسم کی حرکت میں ملوث ہونے پر گرفتار کر کے جیل بھیجا تھا اور اسے دو سال کی سزا ہوئی تھی ۔